طالبات کیلئے ٹریک سوٹ روایتی ہوگا، شہزادی ریما
ریاض(اے پی پی) سعودی عرب کی اسپورٹس پبلک اتھارٹی کے چیئرمین کی سیکریٹری شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان نے کہا ہے کہ طالبات کے لئے ٹریک سوٹ کا ڈیزائن روایتی ہوگا۔ سعودی میڈیا گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ طالبات کے لئے ٹریک سوٹ سعودی روایات اور رسم و رواج کے عین مطابق ہوگا ۔ شہزادی ریما نے طالبات کے لئے اسکولوں میں اسپورٹس میں استعمال ہونے والے ٹریک سوٹ کے حوالے سے کہا کہ یہ کھیل کی ضرورتوں اور سعودی روایات کا حسین امتزاج ثابت ہوگا۔ چیئرمین کی سیکریٹری شہزادی ریما نے مزید کہا کہ طالبات کی صحت بے حد اہم ہے اور ہم اسپورٹس ٹیموں،کھیلوں کے مقابلوں کی بات نہیں کررہے ہیں ہمارا مقصد صرف اور صرف بچیوں کو صحت کے اصول سمجھانا اور جسمانی لیاقت پیدا کرنا ہے۔
اسکولوں میں ورزش سے طلباوطالبات کی صحت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔