کشمیر میں فورسز کے سامنے انسانی جانوں کی کوئی قیمت نہیں،میرواعظ
سرینگر(آن لائن) کل جماعتی حریت کانفرنس گروپ کے چئیرمین میرواعظ عمر فاروق نے کپواڑہ میں گزشتہ دونوں فورسز کی عسکریت پسندوں کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران ایک معصوم اور کمسن بچی کنیزہ کی ہلاکت کو بربریت اور زخمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقع کے حوالے سے فورسز اور پولیس کا بیان جھوٹ پر مبنی ہے کیونکہ اس واقعہ کے حوالے سے ایک میڈیا رپورٹ میں واضح کیا جاچکا ہے کہ فورسز اور پولیس نے تصادم شروع ہونے سے قبل آس پاس کے گھروں سے مکینوں کو باہر نکالا اور نہ وہاں موجود لوگوں کے بچاؤ کی کوئی تدبیر کی بلکہ فورسز ایسے مواقع پر اپنے طرز عمل سے لوگوں کو جان بوجھ کر موت کے منہ میں دھکیلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کنیزہ کا قتل اور اسکے کمسن بھائی کے زخمی ہونے کا واقعہ یہ ثابت کررہا ہے کہ کشمیر میں فورسز اور فوج کے سامنے انسانی جانوں کی کوئی قدروقیمت نہیں اور کشمیر میں فورسز کی بے رحمی یہاں نہتے انسانوں کے قتل ناحق کا موجب بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات حقوق انسانی کے علمبرداروں کے لئے بھی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کی کشمیر میں حقوق انسانی کی ان سنگیں خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مظالم کا یہ سلسلہ بند کرنے کے لئے دباؤ ڈالے۔