شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کا معاملہ، امریکی وزیر خارجہ چین پہنچ گئے

عالمی منظر

بیجنگ(این این آئی)امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے،شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کا معاملہ ٹیلرسن کے ایجنڈا میں شامل ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیرخارجہ دورہ ایشیا کے آخری مرحلے میں چین پہنچے جہاں وہ دوطرفہ امور سمیت خاص طور پر شمالی کوریا سے متعلق معاملات پر بات چیت کریں گے۔چینی وزیرخارجہ امریکی ہم منصب سے ملاقات کریں گے،توقع ہے کہ چینی عہدیداروں سے ہونے والی بات چیت میں بعض تلخ امور بھی زیر بحث آ سکتے ہیں۔دورہ ایشیا کے پہلے مرحلے میں ٹیلرسن جمعرات کو جاپان پہنچے تھے جہاں ٹوکیو میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کی گزشتہ 20 سالوں میں کی گئی ناکام کوششوں کے بعدیہ واضح ہے کہ اب ایک مختلف نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے دورے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ جاپان، جنوبی کوریا اور چین سے اس بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے۔ٹیلرسن نے گذشتہ روز بیان دیا تھا کہ شمالی کوریا کا خطرہ بڑھا تو اس کے فوجی حل کا آپشن بھی موجود ہے،جبکہ امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز اپنے بیان میں چین پر شمالی کوریا کی مدد کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین نے شمالی کوریا کی تھوڑی بہت مدد کی ہے۔