لبنان :مشرقی قصبے عرسال کی نا کہ بند ی کے خلا ف احتجا جی مظا ہرہ‘5 مظاہرین گرفتار
بیروت(آن لائن)لبنانی فوج نے ملک کے مشرقی قصبے عرسال کی نا کہ بند ی کے خلا ف احتجا جی مظا ہر ہ کر نے پر پندرہ افراد کو گرفتار کر لیا ،عرسال کی زیادہ تر آبادی اہل سنت پر مشتمل ہے اور اس کے نزدیک اہل تشیع کی آبادی والا قصبہ لیبوہ واقع ہے۔لیبوہ کے مکینوں نے عرسال کی ناکہ بندی کررکھی ہے اور انھوں نے دوسرے علاقوں کی جانب جانے والی شاہراہ کو بند کردیا ہے جس کے خلاف لبنان کے دوسرے علاقوں میں رہنے والے اہل سنت میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی اور انھوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کردیے۔
دارالحکومت بیروت میں مظاہرین نے عرسال کی ناکہ بندی کے خلاف سڑکوں پر ٹائر جلائے اور مظاہرہ کیا۔مظاہرے کے دوران ایک شخص گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا ۔
جس کے خلاف اہل سنت مظاہرین نے دارالحکومت میں بعض شاہراہوں کو بلاک کردیا۔لبنان میں اہل سنت اور اہل تشیع کے درمیان نئی کشیدگی کے تناظر میں صدر مشعل سلیمان نے وزیراعظم تمام سلام اور سینیر سکیورٹی عہدے داروں سے ملاقات کی ہے اور ان سے صورت حال بہتر بنانے کے لیے تبادلہ خیال کیا ہے۔واضح رہے کہ لبنان کے اہل تشیع اور ان کی جنگجو تنظیم حزب اللہ شامی صدر بشارالاسد کی حمایت کررہے ہیں۔
جبکہ اہل سنت شامی باغیوں کے حامی ہیں اور شام سے آنے والے اہل سنت کو اپنے ہاں عارضی قیام کی اجازت دے رہے ہیں۔عرسال میں اس وقت اکاون ہزار شامی مہاجرین مقیم ہیں اور ان کی وجہ سے مقامی آبادی پر یہ بھی الزام عاید کیا جارہا ہے کہ وہ شامی باغیوں کو اپنے علاقے میں اڈے قائم کرنے کی اجازت دے رہے ہیں۔