نیتن یاھو کا غزہ میں یرغمال فوجیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے کا اعلان
مقبوضہ بیت المقدس(اے این این)اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھوگزشتہ روز غزہ کی پٹی میں فلسطینی مجاہدین کے ہاں جنگی قیدی بنائے گئے فوجیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔ عبرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کی مغوی اسرائیلی فوجیوں کے اہل خانہ اور اقارب سے یہ پہلی ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاھوگزشتہ روز غزہ کی پٹی میں مجاہدین کے ہاں قید اسرائیلی فوجیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔ یرغمالی فوجیوں کے بعض اقارب نے وزیراعظم سے ملاقات سے انکار کردیا ہے۔ وزیراعظم نیتن یاھو ایک ایسے وقت میں مغوی یہودی فوجیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کررہے ہیں جب دوسری طرف اسٹیٹ کنٹرولر نے غزہ کے فلسطینی اسیران کے ساتھ بدسلوک پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ اسٹیٹ کنٹرولر کی طرف سے کہا گیا ہے کہ حکمراں جماعت لیکوڈ کے ارکان کی طرف سے فلسطینی اسیران کے اہل خانہ کے ساتھ توہین آمیز سلوک کیا گیا اور وزیراعظم یاھو نے اس پر خاموشی اختیار کئے رکھی ہے۔
خیال رہے کہ سنہ 2014 کو غزہ کی پٹی میں مسلط کی گئی جنگ کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے متعدد اسرائیلی فوجی جنگی قیدی بنا لیے تھے۔ ان میں سے دو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے زندہ یا مردہ ہونے کیبارے میں متضاد اطلاعات آئی ہیں۔