فلپائن میں ابو سیاف گروپ کا اہم عسکریت پسند کمانڈر ہلاک

فلپائن میں ابو سیاف گروپ کا اہم عسکریت پسند کمانڈر ہلاک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


منیلا(این این آئی)فلپائن کی فوج نے عسکریت پسند ابوسیاف کے گروپ کے ایک اہم کمانڈر اور بدنام زمانہ اغوا کو ہلاک کرنے کا بتایا ہے۔فوج کے سربراہ جنرل ایڈواروڈو انو نے ہفتہ کو امریکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ الحسبی میسایا نامی شدت پسند کو صوبہ سولو میں انڈانا اور پرانگ کے درمیان جنگلاتی علاقے میں جمعہ کو دیر گئے کی گئی ایک کارروائی میں ہلاک کیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ میسایا سمندری راستے سے ملائیشیا جا کر وہاں سے تاوان کے لیے سیاحوں اور ملاحوں کو اغوا کیا کرتا ہے۔ اس پر الزام تھا کہ اس نے ملائیشیا اور انڈونیشیا کے درجنوں افراد کو اغوا کیا جن میں سے ایک کا سربھی قلم کیا۔جنرل انو کا کہنا تھا کہ ہم میسایا کو اس گروپ کا بدنام ترین اغوا کار تصور کرتے ہیں اور یہ ابو سیاف کے لیے ایک بہت بڑا دھچکہ ہے۔میسایا نے مبینہ طور پر جنوبی فلپائن اور ملائیشیا کے درمیان مصروف بحری گزرگاہ ملائیشیا، انڈونیشیا اور ویتنام کے درجنوں تجارتی بحری جہازوں اور کشتیوں کے ملاحوں کو بھی اغوا کیا۔خیال کیا جاتا ہے کہ اس نے ویتنام کے ملاحوں کو سولو کے جنگلوں میں رکھا ہوا تھا لیکن بظاہر جھڑپ کے وقت یہ مغوی وہاں موجود نہیں تھے۔نومبر 2015ء میں میسایا نے مبینہ طور پر ملائیشیا کے ایک مغوی کا سر بھی قلم کیا تھا۔ابو سیاف بم حملوں، اغوا برائے تاوان اور مغویوں کے قتل میں ملوث قرار دیا جاتا ہے اور اس گروپ کے خلاف فلپائن کی فوج بڑی کارروائیاں کرتی آ رہی ہے۔ابو سیاف گروپ کو امریکہ اور فلپائن نے دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -