پی ٹی آئی کوئی ثبوت نہ لاسکی، وکیل بدل لیا،دلیلیں وہی پرانی ،مریم اورنگزیب
اسلام آباد(اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان پھرپانامہ لیکس کیس میں کسی بھی قسم کے شواہد پیش کرنے میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں‘ پی ٹی آئی کا پورا کیس اخباری تراشوں پر مشتمل ہے‘ وزیراعظم کو 18کروڑ عوام نے منتخب کیا ہے ‘2018ء میں توانائی سمیت تمام منصوبے مکمل کرکے عوام کی عدالت میں جائیں گے‘ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کے بچوں کے پٹیشن کے حوالے سے تمام شواہد عدالت میں پیش کردیئے گئے ہیں‘ ہمارے وکیل تمام شواہد اور تفصیلات بھی عدالت کے سامنے رکھیں گے‘ ہمارے شواہد پر عمران خان کے وکلاء نے دلائل دیئے۔ وہ بدھ کو پی آئی ڈی کے میڈیا سینٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اگلے الیکشن میں ناکامی واضح نظر آچکی ہے اسلئے وہ جھوٹ اور الزامات کی بھرمار کررہے ہیں۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج پھر عمران خان نے عدالتی کارروائی کے حوالے سے جھوٹ پر مبنی پریس کانفرنس کرکے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے‘عدالت کی تمام کارروائی کو توڑ موڑ کر پیش کیاہے‘ججز نے جو باتیں جس تناظر میں کیں ان باتوں کا پس منظر نہیں بتایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے پی ٹی آئی کے کیا الزامات تھے‘آج ان الزامات کو پی ٹی آئی بھول گئی ہے ‘عمران خان کے وکیل نے جو دلائل دیئے وہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کے بچوں کی جانب سے جمع کرائے گئی دستاویزات سے دیکھ کر دیئے گئے ہیں‘ عدالت میں آج پھر وزیراعظم محمد نواز شریف کا قوم سے خطاب ‘پارلیمنٹ سے خطاب کی تقریر‘ قطری خط‘مریم نواز سے متعلق دستاویزات کو پڑھا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ اٹل حقیقت ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے سے وزیراعظم محمد نواز شریف کا کوئی تعلق نہیں ہے۔وزیراعظم محمدنواز شریف اور ان کے بچوں کی جانب سے تمام شواہد عدالت میں پیش کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سمجتھے ہیں کہ جھوٹ کی بنیاد پر ملک کی ترقی کا سفر روک سکتے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے‘ وزیراعظم محمد نواز شریف نے دنیا میں پاکستان کوایک بہتر مقام پر لاکھڑا کیا ہے‘ ملک کے اندر سی پیک جیسے میگا منصوبے‘ توانائی منصوبے‘ صحت ‘ تعلیم‘ دہشت گردی کی روک تھام سمیت دیکر شعبوں کے حوالے سے دنیا کے بڑے بڑے اداروں کی رپورٹس کے مطابق پاکستان آ گے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دھرنے پر عمران خان نے وزیراعظم کے استعفی کی بات کی تھی، ان کو واضح کردینا چاہتے ہیں کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کو 18کروڑ عوام نے ووٹ دیا ہے اور ان کا فیصلہ بھی عوام کی عدالت ہی کرے گی‘2018ء کو تمام منصوبے مکمل کر نے کے بعد عوام کی عدالت میں جائیں گی اور پھر اکثریت حاصل کریں گے ‘عمران خان اسی لئے پریشان ہیں کہ 2018ء کے الیکشن میں ان کو کچھ نہیں ملنے والا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان کو سی پیک ‘ اقتصادی ترقی‘ توانائی کے منصوبے‘ تعلیم اور صحت کے شعبے میں اصلاحات متعارف کرائیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم قوم کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے پورے کر رہے ہیں اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ الیکشن میں جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپوزیشن کے چار اراکین نے پرائیویٹ ممبرز ڈے پر 24ویں ترمیم کی بات کی‘ آج ہم رائیٹ آف اپیل پر بل لیکر آئے ہیں تو اس میں کیا حرج ہے‘ ہر معاملے کو پانامہ لیکس کے ساتھ منسلک نہ کیا جائے‘ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پانامہ لیکس کے معاملے پر اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا اور واضح کیا کہ عدلیہ کا فیصلہ قبول کروں گا‘ رائیٹ آف اپیل بل کا پانامہ لیکس کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے