نئی کابینہ ملکی خوشحالی اور اقتصادی ترقی کیلئے نئے عزم کیساتھ کام جاری رکھے گی :وزراء

نئی کابینہ ملکی خوشحالی اور اقتصادی ترقی کیلئے نئے عزم کیساتھ کام جاری رکھے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (این این آئی) وزراء نے کہاہے کہ نئی کابینہ ملکی خوشحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے نئے عزم کے ساتھ کام جاری رکھے گی ٗ عوام کی خدمت کیلئے تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے جائینگے ۔ ایک انٹر ویومیں وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہمارے قائد محمد نواز شریف نے اپوزیشن کا ایک اور مطالبہ پورا کر دیا ہے‘ کوئی بھی وزارت چیلنج کے بغیر نہیں ہوتی‘ نئی ذمہ داریاں بھی احسن انداز میں نبھاؤں گا۔خواجہ آصف نے کہا کہ نئی کابینہ ملکی خوشحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے نئے عزم کیساتھ کام جاری رکھے گی۔ انہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کرنے اور بڑی ذمہ داری سونپنے پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے گزشتہ چار سال کے دوران تمام شعبوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور محمد نواز شریف نے مجھے جو ذمہ داریاں سونپی ہیں ،میں نے انہیں قبول کیا ہے اور اپنی ذمہ داریان احسن طریقے سے نبھانے کیلئے کام جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے ساتھ ہمارا یہ عہد ہے کہ جب تک کابینہ کے رکن ہیں عوام اور ملکی خوشحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کام جاری رکھیں گے۔ وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ ہم تو پچھلے چار سال ‘دو ماہ سے چیلنجز سے نمٹ رہے تھے اور اب بھی چیلنجز سے نمٹتے رہیں گے۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کے انتخاب اور آج حلف برداری تک ایک ہی پیغام ہے کہ مسلم لیگ ن پہلے سے زیادہ مضبوط ہوچکی ہے۔ وفاقی وزیر میر حاصل بزنجو نے کہا کہ آج مجھے بالکل بھی خوشی نہیں ہے‘جس طرح سے ایک وزیراعظم کو گھر بھیجا گیا اس سے جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ وفاقی وزیر شیخ آفتاب نے کہا کہ عوام کی خدمت اور ترقی کے لئے ہم پہلے سے زیادہ کام کریں گے۔ وزیر مملکت پیر امین الحسنات نے کہا کہ موجودہ حکومت گزشتہ حکومتوں سے بہتر انداز میں عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ میں اپنی قیادت کا شکر گذار ہوں جنہوں نے دوبارہ مجھ پر اعتماد کیا ہے ‘حج کے حوالے سے کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جمہوری عمل جاری ہے ‘ ہم افراتفری اور انتشار پیدا نہیں ہونے دیں گے لیکن آج ہمارے د ل دکھی ہیں ‘محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن ) سے زیادتی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب وزراء اعظم کو رخصت کیا جاتا رہا تو ترقی ممکن نہیں رہے گی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ترقی اور امن ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں‘ محمد نواز شریف کے ویژن کو آگے بڑھائیں گے ۔ وفاقی وزیر تعلیم و تربیت بلیغ الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم کے انتخاب سے قبل اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی طرف سے اراکین قومی اسمبلی کے فارورڈ بلاک کی جھوٹی افواہیں پھیلائی گئیں مگر اپوزیشن رہنماؤں کی خواہشات کے برعکس ایک ممبر قومی اسمبلی ادھر سے ادھر نہیں گیا۔ کابینہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بڑی کابینہ کا فائدہ یہ ہے کہ ترقیاتی کام مزید تیزی سے ہوں گے۔ اس حوالے سے کابینہ بھی تیزی سے کام کرے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چودہ اگست ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ پروگرام ترتیب دیے جا رہے ہیں، چاروں صوبوں اور مرکزی سطح پر جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ اول -