آج مخالفین بائیکاٹ کریں گے،متحدہ ایم کیو ایم بائیکاٹ کرے گی تحریک انصاف،جماعت اسلامی
کراچی ( سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل شہر میں انتخاب کا بائیکاٹ ایم کیو ایم کرے گی۔جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کے مطابق جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی انتخاب کا بائیکاٹ کریں گے ،ایم کیو ایم شکست کے ڈ ر سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرر ہی ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ ایم کیو ایم ہمارے اتحاد سے گھبراہٹ کا شکار ہے۔ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کی جانب سے جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے بائیکاٹ سے متعلق بیان کے بعد دونو ں جماعتوں کے رہنماوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر حافظ نعیم رحمان کا کہنا تھا کہ شہر میں بلدیاتی انتخاب کا ٹرن آؤٹ کراچی کی قسمت بدل دے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ہمارے اتحاد سے گھبر ا رہی ہے۔شہر میں خوف و ہراس کی سیاست کے خاتمے کے لیے میدان میں اتر آئے ہیں اور اب اس سلسلے کو ختم کریں گے۔پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ بلدیاتی انتخاب میں رینجرز کی تعیناتی پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے ،رینجرز کی تعیناتی پر وہ لوگ اعتراض کر رہے ہیں جو دھاندلی کرکے جیتنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کا مئیر تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی مشاورت سے ہی آئے گا۔واضح رہے ایم کیوایم کے رہنماء فاروق ستار نے پریس کانفرنس میں کہاتھا کہ آج ہمارے مخالفین الیکشن کا بائیکاٹ کردیں گے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کراچی میں بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی الیکشن ملتوی کرانے میں ناکامی کے بعد دوپہر بارہ ایک بجے بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کر سکتی ہیں۔انہوں نے مخالفین کی طرف سے الیکشن کے بائیکاٹ کا خدشہ ظاہر کیا۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کوکراچی میں پہلے سے زیادہ ووٹ ملیں گے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم انتہائی مشکل حالات میں یہ الیکشن لڑ رہی ہے۔ رکاوٹوں کے باوجود الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا,ایم کیوایم