نپجاب حکومت کا چینی کمپنی سے رحیم یار خان میں 1320میگاواٹ کا کول پاور پلانٹ لگانے کا معاہدہ
لاہور(سٹی رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے چینی کمپنیوں کے حکام کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔ نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن چائنہ کے ایڈمنسٹریٹر و وائس چیئرمین نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن چائنہ( این ڈی آر سی) نور بیکری(Mr. Nur Bekri)، 1320 میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چین کے ہیوانگ گروپ کے چیئرمین چاؤپکسی(Mr. Cao Peixi)، پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈانگ، رویائی انرجی گروپ کے چیئرمین کیو یافو اور چینی حکام نے استقبالیہ میں شرکت کی۔ صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،چیف سیکرٹری اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر پنجاب حکومت اور چین کی کمپنیوں کے مابین توانائی سیکٹر میں تعاون کی تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ معاہدے کے تحت ہیوانگ شین ڈونگ پاور جنریشن کمپنی پنجاب حکومت سے رحیم یار خان میں 1320 میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ کا منصوبہ لگانے میں تعاون کرے گی۔ چینی کمپنی اس پلانٹ کے حوالے سے تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔ پنجاب حکومت کی طر ف سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی جہانزیب خان اورشین ڈونگ پاورجنریشن کمپنی چائنہ کے صدر نے معاہدے پر دستحظ کئے۔پنجاب حکومت اور چین کے شین ڈونگ رویائی گروپ کے مابین فنی تربیت کے ادارے کے قیام سے کے حوالے سے بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے سیکرٹری توانائی اسد الرحمن گیلانی اور شین ڈونگ رویائی گروپ کی طرف سے سونگ تاجی (Mr. Song Taji)نے دستخط کئے۔ معاہدے کی رو سے چینی کمپنی ساہیوال میں فنی تربیت کاادارہ قائم کرے گی اور اس ادارے میں مقامی نوجوانوں کو فنی تربیت دی جائے گی۔ پنجاب حکومت اور چین کے شین ڈونگ رویائی گروپ کے مابین کارپوریٹ سماجی ذمہ داریوں کے حوالے سے بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور چین اور پاکستان کے مابین اقتصادی تعاون کی نئی راہیں کھلی ہیں اور ہر گزرتے لمحے پاکستان اور چین کی معاشی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اخلاص، محبت اور باہمی احترام پر مبنی ہے اوردونوں ممالک کے مابین بڑھتے معاشی تعاون سے دونوں طرف کے عوام کو فائدہ ہو گا۔ توانائی سیکٹر میں چین کا تعاون بے مثال ہے ۔ توانائی بحران پر قابو پانے میں تعاون پر چین کی حکومت ، قیادت اور عوام کے شکر گزار ہیں ۔ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے تحفے کو پاکستان کے عوام کبھی بھلا نہیں سکتے اور اس عظیم الشان منصوبے کو کسی بھی صورت میں منفی سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے توانائی کے منصوبوں میں 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر کے مشکل وقت میں پاکستان کا ہاتھ تھاما ہے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور دونوں ممالک کی لازوال دوستی کا عکاس ہے۔ سی پیک کے تحت 1320 میگا واٹ کا ساہیوال پاور پراجیکٹ 22 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا ہے۔ توانائی بحران کے حوالے سے پاکستان کی مشکلات کودیکھتے ہوئے چینی کمپنیاں توانائی منصوبوں پر دن رات کام کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے متعدد کارخانے تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان اور چین مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔ جنگ ہو یا امن ، سیلاب ہو یا کوئی اور قدرتی آفت چین نے کبھی پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑا،ہمیں چین کی دوستی پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور چین کی کمپنیوں کے مابین طے پانے والے معاہدے خوش آئند ہیں اور ان پر عملدرآمد سے دوطرفہ معاشی تعاون کو فروغ ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے چینی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام کو یادگاری شیلڈز بھی دیں۔
شہباز شریف
لاہور(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاکستان کے دورے پر آئے نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن، چائنہ کے ایڈمنسٹریٹر نوربیکری اوران کے وفد کے اعزاز میں گورنمنٹ ہاؤس، مری میں ظہرانہ دیا۔ پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈانگ،چےئرمین ہیوانگ گروپ، چائنہ چاؤپکسی،چےئرمین رویائی گروپ کیویافواوراعلی چینی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن، چائنہ کے ایڈمنسٹریٹر نوربیکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر معلوم ہوا ہے کہ محبت کسے کہتے ہیں اوریہاں آکرپتا چلا ہے کہ خاندان کیا ہوتا ہے اورخاندان کے افراد کو کس طرح عزت و احترام دیا جاتا ہے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے جوپیار،خلوص اورمحبت دی ہے وہ کبھی فراموش نہیں کرسکوں گا،میں دورہ پاکستان سے قیمتی یادیں لے کرواپس جارہا ہوں۔انہوں نے کہا کہپاکستان اورچین کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات دہائیوں سے موجود ہیں اورپاک چین دوستی اسی طرح آگے بڑھتی اورپھلتی پھولتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان کی تعمیر و ترقی کے منصوبے اسی تیزرفتاری سے مکمل ہوتے رہیں گے ۔پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے ہمارا تعاون پہلے کی طرح آپ کیساتھ رہے گا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین ایک خاندان کی مانند ہیں اورچین نے خاندان کی فرد کی حیثیت سے پاکستان کو سی پیک کا عظیم تحفہ دیا ہے ۔پاکستان اورچین کی دوستی کا سفر تاقیامت جاری رہے گا۔ماضی میں کوئی منصوبہ وقت پر مکمل نہیں کیاگیا جس سے ملک اندھیروں میں ڈوبتا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ریکارڈ مدت میں منصوبے مکمل کرنے کا نیا ریکارڈ بنا ہے اورآج پاکستان میں وہ منصوبے جو دنیا میں پانچ سال میں مکمل ہوئے صرف 22ماہ میں مکمل ہوئے ہیں اورشفافیت،رفتار اورمحنت کی اس داستان کو چین عزت و توقیر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چینی اداروں کیساتھ چین کے سفیر سن ویڈانگ نے بھی سی پیک کے منصوبوں کے حوالے سے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ۔پاکستان اورچین ترقی اور خوشحالی کے سفر میں قدم سے قدم ملاکر چلتے رہیں گے۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گورنمنٹ ہاؤس،مری میں خیبر پختونخوا کے علاقے میں ڈولی لفٹ گرنے کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے علاقے میں پیش آنے والے اس افسوسناک حادثے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو8لاکھ روپے فی کس کے حساب سے جبکہ زخمی افراد کو 3لاکھ روپے فی کس مالی امداد کے چیک دےئے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے غمزدہ خاندانوں سے المناک سانحے پردکھ اورافسوس کا اظہارکیا اورسوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزیت کیا۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مالی امداد انسانی جانوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتی،جن کے جگر گوشے اس المناک حادثے میں ان سے بچھڑ گئے ہیں ،اس کا درداوردکھ وہی محسوس کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اورپنجاب حکومت غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں،پنجاب حکومت دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اورسوگوار خاندانوں کی ہر ممکن دیکھ بھال کی جائے گی اوران کے دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ،پولیس اور ریسیکو 1122کے کارکنان نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور میتوں کو ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا۔بالخصوص مقامی افراد نے جذبہ انسانیت کے تحت جس طرح امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا وہ قابل تحسین ہے ۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق کے افراد کے لواحقین کے مسائل سنے اوران کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔اس موقع پر وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، صوبائی وزراء راجہ اشفاق سرور،چوہدری شیر علی، راولپنڈی اورمری کے انتظامی افسران بھی موجود تھے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب