طلبہ کیلئے گرین کارڈ سکیم دائرہ صوبے کے تمام شہروں تک بڑھایا جائیگا شہباز شریف

طلبہ کیلئے گرین کارڈ سکیم دائرہ صوبے کے تمام شہروں تک بڑھایا جائیگا شہباز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستا ن مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے ہر دور اقتدار میں عوام کو آرام دہ، معیاری اور باکفایت سفری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں- 1998ءمیں ملک کی تاریخ میں پہلی بار عوام کے لئے ڈائیوو پبلک ٹرانسپورٹ متعارف کرائی گئی- پنجاب حکومت نے ایک بار پھر صوبائی دارالحکومت سے جدید پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کا آغاز کر دیا ہے- لاہور کے بعد راولپنڈی اور فیصل آباد میں بھی ائیرکنڈیشنڈ بسیں چلائی گئی ہیں اور یہ بسیں صوبے کے تمام دےگر بڑے شہروں میں بھی چلائی جائیں گی- انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے طلباءو طالبات کے لئے صوبائی دارالحکومت سے گرین کارڈ سکیم کا اجراءکیا ہے جس کا دائرہ صوبے کے تمام شہروں تک بڑھایا جائے گا- انہوں نے کہا کہ سٹوڈنٹ گرین کارڈ سکیم حکومت کا طلبا ءکی فلاح و بہبود کے لئے اہم قدم ہے جس سے ابتدائی طور پر لاہور کے ایک لاکھ 25 ہزار طلباءو طالبات مستفید ہوں گے-وہ گذشتہ روز ایوان وزیراعلی میں لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے زیراہتمام سٹوڈنٹ گرین کارڈ سکیم کے اجراءکے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے- مشیران بیگم ذکیہ شاہنواز، زعیم حسین قادری، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، وائس چیئرمین مہر اشتیاق احمد ،اراکین اسمبلی، بس آپریٹرز، اساتذہ، والدین اور طلباءو طالبات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی-وزیراعلی محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اشرافیہ کے لئے ہوائی جہاز، ہیلی کاپٹرز اور لگژری گاڑیاں تو منگوائی جاتی رہیں لیکن اس ملک کا محنت کش، مزدور اور عام آدمی کھٹارا اور ٹوٹی پھوٹی بسوں میں سفر کرنے پر مجبور رہا- انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں عام آدمی کے لئے ائیرکنڈیشنڈ بسیں چلادی ہیں اور ایسی بسیں صوبے کے تمام شہروں میں چلائی جائیں گی- اس سال پاکستان کی تاریخ کا سب سے پہلا میٹرو بس سسٹم فنکشنل ہوجائے گا جس سے شہریوں کو تیز رفتار ٹرانسپورٹ میسر آئے گی- انہوں نے کہا کہ گزشتہ 64 سالوں میں عام آدمی کو بس سٹاپوں پر گھنٹوں بسوں کے انتظار کی زحمت اٹھانا پڑتی رہی ہے ،لمبی گاڑیاں ان کی غربت اور بے بسی کا مذاق اڑاتے ہوئے ان کے سامنے سے گزر جاتی رہی ہیں- اب حالات بدلیں گے اور لمبی گاڑیوں والے میٹرو بس سروس کے مسافروں کو حسرت بھری نگاہوں سے دیکھیں گے اور خواہش کریں گے کہ کاش ہم بھی اس بس کے ذریعے جلد اپنی منزل پر پہنچ سکیں- انہوں نے کہا کہ قوم کو” کل کے قائد“ طلباءو طالبات سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اور حکومت نے انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں- سٹوڈنٹ گرین کارڈ سکیم کا اجراءطلباءو طالبات کو سستی اور باوقار سفری سہولتوں کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے- انہوں نے کہا کہ ترک کمپنیوں کے اشتراک سے صوبائی دارالحکومت میں صفائی کا جدید نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔انہوں نے سٹوڈنٹ گرین کارڈ کے حوالے سے چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی، وائس چیئرمین اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بس آپریٹرز کا بھی شکریہ ادا کیا-چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان نے کہا کہ شہباز شریف کی متحرک قیادت میں صوبے بھر میں بے مثال ترقیاتی کام ہو رہے ہیں- جدید پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم اور سٹوڈنٹ گرین کارڈ سکیم بھی ان کے ویژن کی عکاس ہے- انہوں نے کہا کہ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خصوصی افراد اور بزرگ شہریوں کے لئے پہلے ہی فری کارڈ کا اجراءکرچکی ہے- معاون خصوصی سید زعیم حسین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں انہی قوموں نے ترقی کی ہے جنہیں ویژنری قیادت نصیب ہوئی ہے-دریں اثنا ءشہبازشریف نے آج مینار پاکستان ٹینٹ آفس میں ایک گھنٹہ تک مختلف اضلاع سے آئے ہوئے سائلین کی شکایات سنیں اور بعض شکایات کے ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے- وزیراعلی نے بعض غریب سائلین کی مالی امداد بھی کی- ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان، ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمد اقبال خان اور پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے-وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سائلین کی شکایات سنتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اورشکایات کے ازالے کے لئے آنے والے سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں- انہوں نے کہا کہ پولیس بے سہارا اور مظلوم افراد کی دادرسی اور انہیں انصاف کی فراہمی یقینی بنائے- ڈسٹرکٹ پولیس افسران شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہریوں کا باقاعدگی سے انعقاد کریں اور لوگوں کو ان کی دہلیز پر ہی انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں- ماڈل ٹاﺅن سے دو خواتین نے اپنے دیگر رشتے داروں کے ہمراہ وزیراعلی سے ملاقات کی اور بتایا کہ ان کے والدکو قتل کردیا گیا ہے- انہوں نے کہا کہ ہم پانچ بہنیں ہیں ہمارے والد امریکہ میں رہتے تھے جنہوں نے یہاں الماس ہسپتال بنایا جسے محمود رفیق نامی شخص کو کرائے پر دیاگیا- وہ نہ کرایہ دیتا تھا اور نہ ہی ہسپتال خالی کرتا تھا- عدالت میں مقدمہ چلا جس نے ہمارے حق میں فیصلہ کیا- عدالت نے ہسپتال خالی کرانے کے لئے بیلف بھجوایا لیکن اس ظالم آدمی نے بیلف کے سامنے ہی ہمارے والد کو قتل کردیا اور اب وہ ہمیں گالیاں اور قتل کی دھمکیاں دیتا ہے، ہمیں اس سے تحفظ دیا جائے اور انصاف فراہم کیا جائے- وزیراعلی نے متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ملزم قانون کے مطابق قرارواقعی سزا سے بچ نہیں پائے گا- انہوں نے ایس ایس پی عبدالرزاق چیمہ کو ہدایت کی کہ وہ کیس کی ذاتی طور پر پیروی کریں-شاہدرہ ٹاﺅن سے اےک شخص نے اپنے دو بھائیوں کے ہمراہ ملاقات کی اور بتایا کہ اس کے نوجوان بیٹے کو کچھ روز قبل تاوان کی غرض سے اغوا کیا گیا- تاوان کی رقم ادا کرنے کے باوجود اس کے بیٹے کو قتل کردیا گیا- ہماری آپ سے استدعا ہے کہ ہمیں انصاف دلایا جائے- وزیراعلی نے واقعہ پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے غم میں برابر کا شریک ہوں - میں آپ کا بچہ تو واپس نہیں لاسکتا لیکن یہ یقین دلاتا ہوں کہ اس گھناﺅنی واردات میں ملوث ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں ضرور لایا جائے گا۔ ایک اور سائل نے بتایا کہ چار سال قبل ایک عورت اس کی بیوی سے بچی چھین کر لے گئی اور آج تک بچی کا پتہ نہیں چل سکا کہ وہ کس حال میں اور کہاں ہے- وزیراعلیٰ نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو ہدایت کی کہ اس واقعہ کا جائزہ لے کر ایک ہفتے کے اند ر رپورٹ پیش کی جائے- راولپنڈی سے ایک معمر خاتون نے وزیراعلیٰ سے دوبارہ ملاقات کی اور اپنا مسئلہ حل ہونے پر وزیراعلی کا شکریہ ادا کیا-دریں اثناءشہبازشریف سے آج یہاں مینار پاکستان ٹینٹ آفس میں مختلف رہائشی سوسائٹیوں کے عہدیداروں اور مکینوں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور انہیں رہائشی سکیموں میں امن و امان، جرائم ، رہائشی سہولتوں اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا- صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور، ممبران اسمبلی محمد افضل کھوکھر، سیف الملوک کھوکھر، مسلم لیگی رہنما ساجد چوہدری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریز ہاﺅسنگ، کوآپریٹو، کمشنر و ڈی سی او لاہور اور ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے بھی ملاقات میں موجود تھے-وزیراعلی محمد شہباز شریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو جان و مال، عزت و آبرو اور کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ کی فراہمی ریاست اور پولیس کی ذمہ داری ہے- انہوں نے کہا کہ پولیس کو عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا- فرائض سے غفلت برتنے والے سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی-انہوں نے کہا کہ رہائشی سکیموں میں سوسائٹیوں کے عہدیداران کی مشاورت سے سکیورٹی کے انتظامات کئے جائیں ، رہائشی سوسائٹیوں کے اشتراک سے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں اور پولیس پٹرولنگ کو بہتر بنایا جائے۔وفد کے اراکین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف نے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے بہترین اقدامات کئے ہیں- انہوں نے کہا کہ وہ جس درد دل سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اگر تمام ادارے اسی طرح کام کریں تو ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے-

مزید :

صفحہ اول -