سانحہ سندر ،شہباز شریف جاں بحق ہونیوالے مزدور کے گھر پہنچ گئے ،لواحقین کیلئے تعلیم اور علاج کی سہولتوں کا اعلان

سانحہ سندر ،شہباز شریف جاں بحق ہونیوالے مزدور کے گھر پہنچ گئے ،لواحقین کیلئے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبرنگار خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سندر انڈسٹریل ایسٹیٹ کے افسوسناک واقعہ میں جاں بحق ہونیوالے 35 سالہ مزدور عرفان علی کی رہائش گاہ بھاگڑیاں گاؤں، گرین ٹاؤن گئے اور مرحوم کے والد،بیوہ اوردیگراہل خانہ سے اظہار ہمدردی اوراظہار تعزیت کیا۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی اور بچوں سے شفقت کا اظہار کیا۔مرحوم عرفان علی کی بیوہ نے شہباز شریف کو بتایاکہ ان کے شوہر گھر کے واحد کفیل تھے اور وہ کرائے کے گھر میں رہتے ہیں، جس پر انہوں نے مرحوم عرفان علی کے اہل خانہ کو گھر دینے کا اعلان بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے مرحوم کی بیوہ سے تعزیت کااظہار کرنے کے بعد کہا کہ مرحوم عرفان علی کے بچوں کے تعلیمی اخراجات اور علاج معالجہ کی سہولتیں پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔عرفان علی مرحوم کے چھ سالہ معذور بچے کو خصوصی بچوں کے سکول میں داخلہ کرایا جائے گااوراس کا علاج بھی کرائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم کی بیوہ کومالی امداد کا چیک بھی دیا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندر انڈسٹریل ایسٹیٹ میں فیکٹری مہندم ہونے کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہوا ہے ۔ اس اندوہناک حادثہ میں جن کے پیارے بچھڑ گئے، میری دلی ہمدردیاں ان لواحقین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گااور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک حادثہ میں جو افراد زخمی ہوئے ہیں انہیں ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری ایم پی اے ،کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔


لاہور(خبر نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کی ہیواننگ شین ڈونگ پاور کمپنی کے نائب صدرلیوجیائی کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی۔ اس موقع پر 1320 میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور منصوبے پرہونیوالی پیش رفت پر تبادلہ خیالات کیا گیا اور منصوبے پرمزید تیز رفتاری سے کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے اہم منصوبے کو جلد سے جلد حقیقت کا روپ دیں گے۔گزشتہ برس آنیوالی رکاوٹوں کے باوجود منصوبے کوریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ساہیوال میں 660 میگاواٹ کے 2 کول پاور پلانٹس کا منصوبہ پاک چین دوستی کی ایک اور شاندار مثال ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 1320 میگاواٹ کے منصوبے پر برق رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔ سائٹ پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے انجینئرز اور عملے کو تمام ممکن سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ساہیوال کول پاور پراجیکٹ قومی نوعیت کا انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ساہیوال میں سپر کریٹیکل پاور پلانٹس لگائے جا رہے ہیں جو ماحول دوست ہیں۔منصوبے کے حوالے سے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کول پاورپلانٹس کامنصوبہ 2017ء میں مکمل ہوگا ۔گیس اورکوئلے سے چلنے والے بجلی کے منصوبے مکمل ہونے سے عوام کو سستی بجلی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طورپر ساہیوال کول پاورپلانٹس پرہونے والی پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہوں۔ نائب صدر چینی کمپنی نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ منصوبے کو 2017 میں مکمل کریں گے اوروزیراعلیٰ شہباز شریف کے ویژن کے تحت منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کیا جارہا ہے۔پنجاب پاور ڈویلپمنٹ بورڈ کے چےئرمین عارف سعید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی،سیکرٹری توانائی اورچینی کمپنی ہیواننگ شین ڈونگ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے ترکی کے بین الاقوامی ادارے البراک گروپ آف کمپنیز کے چےئرمین احمت البراک نے بھی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پنجاب میں توانائی ،ٹرانسپورٹ اورتعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے پر گفتگو کی گئی۔احمت البراک نے کامیاب سرمایہ کاری کانفرنس پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو مبارکباد دی۔ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جاندار پالیسیوں سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔سرمایہ کاری کانفرنس میں 150سے زائد معاہدے اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بڑی کامیابی ہے۔غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں دیں گے۔البراک گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین احمت البراک نے اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مختلف شعبوں میں البراک گروپ کی سرمایہ کاری10کروڑ ڈالر سے بڑھ چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ توانائی اور تعمیراتی شعبے میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ۔ محمدشہبازشریف سے ترکی کے معروف سرمایہ کار گروپ کے چےئرمین عبدالقادر توران نے ملاقات کی۔عبدالقادر توران نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو اپنے گروپ کی جانب سے پاکستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے گرم کپڑوں پر مشتمل 750 بیگ دےئے۔ محمدشہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ ترکی نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔زلزلہ ہو یا سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت ترک بھائی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ترک گروپ کی جانب سے زلزلہ متاثرین کیلئے گرم کپڑوں پر مشتمل 750بیگ دینا بھائی چارے کی اعلی مثال ہے ۔زلزلہ متاثرین کی مددکرنے والے ترک بھائیوں کا جذبہ ایثار لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران بھی ترک بہن بھائیوں نے بھائی چارے کی لازوال داستانیں رقم کیں اور ترک سرمایہ کاروں نے عید جیسا تہوار بھی اپنے ملک کے بجائے پاکستان کے سیلاب زدگان کے ساتھ گزارا۔مصیبت کی گھڑی میں ترک بہن بھائیوں کے تعاون کوہم کبھی بھلا نہیں سکتے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر توران نے کہا کہ ہم زلزلہ سے متاثرہ پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ عبدالقادر توران نے پنجاب میں کاروباری مواقع کے حوالے سے کامیاب بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔اس موقع پر ایم این اے مہر اشتیاق احمداور خواجہ احمد حسان بھی موجودتھے ۔ شہبازشریف سے چین کی توانائی سیکٹر کی معروف کمپنی زونرجی کے صدر یویانگ نے ملاقات کی جس میں قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت لگائے جانیوالے سولر منصوبے پر پیش رفت پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں سی پیک کے منصوبوں پر تیزر فتاری سے عملدر آمد ہورہا ہے ۔توانائی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل ہمارا مشن ہے ۔ سولر کے ساتھ گیس اور کوئلے سے بھی بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام جار ی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی منصوبوں کے مکمل ہونے سے عوام کو سستی بجلی مہیا ہو گی۔سی پیک کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے۔صدریویانگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کی قیادت اورعوام بھی آپ سے بے پناہ لگاؤ رکھتے ہیں اورچین میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کو انتہائی عزت و احترام سے دیکھا جاتا ہے ۔چینی کمپنی کے صدر نے وزیراعلیٰ کی ٹیم کو کامیاب سرمایہ کاری کانفرنس پر مبارکباد دی۔ محمدشہبازشریف سے یہاں چینی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔چینی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں توانائی خصوصاً کوئلے اورکوڑا کرکٹ سے بجلی بنانے کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی ہے،یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں بڑی تعداد میں غیر ملکی سرمایہ کار آرہے ہیں خصوصاً چین اور ترکی کے سرمایہ کار پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شفافیت،تیزرفتاری اوراعلی معیار سے منصوبوں کو مکمل کرنا ہمارا طرۂ امتیا ز ہے ۔چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے پنجاب میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کاخیرمقدم کرتے ہیں اوراس ضمن انہیں ہرممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔اس موقع پر چینی سرمایہ کاروں نے کہاکہ ان کا گروپ پنجاب میں توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -