کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں ، شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام خصوصا دیہی واٹر سپلائی سکیموں پر واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کے امور کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی محمدشہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی ایک نعمت ہے اور پنجاب حکومت نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کا پروگرام ترتیب دیاہے۔مفاد عامہ کے اس بڑے پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ دیہاتوں میں واٹر سپلائی سکیموں کوبحال کیا جائے گا اور ان سکیموں کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔ دیہی آبادی کو ان سکیموں سے صاف پانی میسر آئے گا۔انہوں نے کہاکہ دیہات میں واٹر سپلائی سکیموں کو پائیدار بنیادوں پر بحال کرنا ہے اوراس ضمن میں انتہائی پیشہ وارانہ انداز سے کام کرنا ہوگا۔غیر فعال دیہی واٹر سپلائی سکیموں کو بھی مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔ چیئرمین صاف پانی کمپنی نارتھ ایم این اے میجر (ر) طاہر اقبال نے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چیئرمین صاف پانی کمپنی نارتھ ایم این اے میجر (ر) طاہر اقبال، چیئرمین صاف پانی کمپنی ساؤتھ چودھری عارف سعید، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز ہاؤسنگ،خزانہ ، چیف ایگزیکٹو آفیسرزپنجاب صاف پانی کمپنی نارتھ اور ساؤتھ کے علاوہ غیر ملکی کنسلٹنٹس او راعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی معاشی پالیسیوں سے ملک میں ترقی کا عمل تیز ہوا ہے اوروزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو مشن سمجھ کرآگے بڑھارہی ہے لیکن بعض سیاسی عناصر ملک میں افراتفری پھیلانے کی سازش کررہے ہیں اورایسے عناصرکی منفی سیاست کو باشعور عوام ہرموقع پر مسترد کرچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دھرنا گروپ کی عوام دشمن پالیسیاں پوری قوم کے سامنے آشکار ہوچکی ہیں اورعوام کی ترقی کے مخالفین کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتشار یا منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق ڈکٹیٹر کے حواریوں نے پنجاب بینک پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالاجبکہ پیپلز پارٹی کے دور میں توانائی منصوبوں کے نام پر قوم سے گھناؤنا کھیل کھیلا اورمجرمانہ غفلت اور کرپشن کرکے ملک و قوم کو اندھیروں میں ڈبویاگیا،اسی طرح دھرنوں اورلاک ڈاؤن کے ذریعے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیخلاف ساز ش کی گئی اور دھرنوں اورلاک ڈاؤن کے باعث قومی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاگیا۔انہوں نے کہا کہ ان تمام عناصر نے پاکستان کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیخلاف سازشیں کرنیوالے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں اوراب یہ ایک بار پھر پاکستان کی ترقی کیخلاف سازش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والے شفافیت کا لیکچر دینے سے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے اورہمارے مخالفین بھی ایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں لگاسکتے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 4 برس شفافیت، خدمت اور دیانت کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور مخالفین کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ عوام کا رکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیں اورالیکشن 2018ء میں باشعور عوام خدمت ،دیانت اور امانت کی سیاست کو پھر کامیاب کرائینگے۔وہ رکن قومی اسمبلی علی گیلانی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق ایم این اے حنیف عباسی سے گفتگو کررہے تھے ، جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔
شہباز شریف