نالج پارک لاہور میں پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کیا جائے گا، شہباز شریف

نالج پارک لاہور میں پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کیا جائے گا، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (پ ر) محکمہ صحت پنجاب اورپنجاب کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے مابین لاہور میں پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ اینڈ ریسرچ سینٹر کے قیام کیلئے معاہدہ طے پاگیا۔معاہدے کے تحت 50ایکڑ قطعہ اراضی پر انسٹی ٹیوٹ بنایا جائے گا۔انسٹی ٹیوٹ میں بننے والا ہسپتال 750بستروں پر مشتمل ہوگاجبکہ انسٹی ٹیوٹ میں میڈیکل کالج،نرسنگ کالج اورمیڈیکل یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی۔انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت 13 ارب روپے فراہم کرے گی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک جبکہ کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ڈاکٹر سعید اختر نے معاہدے پر دستخط کئے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور کڈنی اینڈلیور انسٹی ٹیوٹ کے مابین لاہور میں پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ اینڈ ریسرچ سینٹر کے قیام کیلئے طے پانے والا معاہدہ خوش آئندہے۔منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو علاج معالجہ کی جدید اورمعیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہاکہ نالج پارک لاہور میں پاکستان میں پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ اینڈ ریسرچ سینٹر قائم کیا جارہا ہے جہاں غریب اورنادارمریضوں کا علاج مفت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر سے مریضوں کو ایک چھت تلے جدید ترین طبی سہولتیں میسر آئیں گی۔ ڈاکٹروں ،نرسوں اورپیرا میڈیکل سٹاف کیلئے انڈرگریجویٹ اورپوسٹ گریجویٹ سطح کی میڈیکل ایجوکیشن کی سہولت بھی ادارے میں میسر ہوگی۔انسٹی ٹیوٹ کو خودمختار بورڈ آف گورنرز چلائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مفادعامہ کے اس منصوبے کی جلد سے جلد تکمیل کیلئے قومی جذبے اورمحنت سے کام کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے ۔غریب آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقداما ت کیے جارہے ہیں اور صحت کے شعبہ کی ترقی اورعوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں ۔کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹر سعید اختر نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کے ویژن کے مطابق منصوبے پر محنت،شفافیت اورتیز رفتاری سے کام کریں گے اورمنصوبے کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت خواجہ عمران نذیر، ایم پی اے نادیہ عزیز، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری ہائیرایجوکیشن اورپنجاب کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے عہدیداران ،بورڈ آف گورنرز کے اراکین اورطبی ماہرین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -