پاکستان ہے توہم سب ہیں پاکستان نہیں تو کچھ بھی نہیں دُنیا کی کوئی طاقت پاکستان سے اسلام کو نہیں نکال سکتی:جنرل اشفاق پرویز کیا نی

صفحہ اول


ایبٹ آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ اپنی رائے کو بندوق کے زور پر مسلط کرنا دہشت گردی ہے۔ انتہا پسندوں کو ختم نہ کیا تو ملک میں خانہ جنگی شروع ہو جائے گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ فوج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے۔ کاکول اکیڈمی میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل کیانی کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی فوج کے لئے سب سے مشکل کام اپنے لوگوں کے ساتھ لڑنا ہے۔ فوج نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جاری جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سب سے بڑا چیلنج قومی سالمیت اور قومی اتحاد ہے۔ اسلام اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ کوئی بھی قوت اسلام کو پاکستان سے نہیں نکال سکتی اور نہ ہی ہمیں یہ بھولنا چاہیے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا۔ اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ حکومت سے مل کر پاک فوج 25 ارب کے فلاحی منصوبے مکمل کرے گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ حق بجانب ہے۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ ہم نے ماضی سے سبق سیکھ کر حال کو تعمیر کرنا ہے اور مستقبل پر نظر رکھنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں غلطیاں سب نے کیں، کسی نے کم کیں اور کسی نے زیادہ مگر آج ماضی کو بھلا کر ہمیں آگے کی طرف دیکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اگر پاکستان نہیں تو ہم کچھ بھی نہیں۔