گورننس کے معیار پر پنجاب نے پھر بازی جیت لی،پلڈاٹ

گورننس کے معیار پر پنجاب نے پھر بازی جیت لی،پلڈاٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پلڈاٹ نے تیسرے سال کے دوران صوبوں میں گورننس کے معیار کے حوالے سے نیا سروے جاری کر دیاہے جس کے تحت پنجاب ایک بار پھر بازی لے گیاہے جبکہ خیبر پختون خواہ دوسرے نمبر پر رہا۔تفصیلات کے مطابق تیسرے سال کے دوران گورننس کے معیار میں پنجاب 65.5فیصد سکور کے ساتھ پہلے نمبر پر ،خیبر پختون خواہ 63.0 کے ساتھ دوسرے ،بلوچستان 60.5فیصد سکور کے ساتھ تیسرے اور سندھ 59.7فیصد سکور کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔پنجاب کو قانون کی حکمرانی ،اقتصادی صورتحال اور خدمات کی فراہمی میں سب سے زیادہ سکور ملا جبکہ خبیر پختون خواہ سماجی اشاریوں اور انتظامی لحاظ سے موثر ہونے میں آگے رہا ۔پنجاب نے 22پیرامیٹرز میں بہت بہتری دکھائی جس کے بعد خیبر پختون خواہ نے 13پیرامیٹرز میں ،سندھ نے 11اور بلوچستان نے 10پیرامیٹرز میں بہتری کا مظاہرہ کیاہے۔پنجاب نے 25میں سے 11پیرامیٹرز میں تمام صوبوں سے زیادہ سکور حاصل کیا جبکہ بلوچستان نے 7 پیرا میٹرز میں تمام صوبوں سے زیادہ سکور حاصل کیا ۔خیبر پختون خواہ نے چھ اور سندھ نے صرف ایک پیمانے میں دیگر صوبوں سے زیادہ سکور حاصل کیا ۔بہتر گورننس کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال میں پنجاب 74.1فیصد سکور کے ساتھ سب سے آگے رہاہے ۔پنجاب نے شفافیت میں سب سے زیادہ سکور 79.4حاصل کیا جبکہ سب سے کم سکور آبادی کے اضافے کے بندوبست میں کم ترین 47.8فیصدسکور حاصل کیا ۔خیبر پختون خواہ نے مقامی حکومتوں اختیارات کی منتقلی میں سب سے زیادہ سکور 86.9حاصل کیا اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سب سے کم سکور 40.9حاصل کیا ۔بلوچستان نے انسداد بد عنوانی میں سب سے زیادہ سکور 73.8فیصد حاصل کیا جبکہ سب سے کم سکور غربت کے خاتمے میں 38.8فیصد حاصل کیا ۔سندھ میں مبنی بر میرٹ بھرتیوں اور ترقیوں کے پیرامیٹر پر سب سے زیادہ سکور حاصل کیا جو کہ 85.6ہے جبکہ اس کا سب سے کم سکور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول میں 40.0رہا ۔
پلڈاٹ

مزید :

صفحہ اول -