زرداری کی ذوالفقار کھوسہ کے گھر آمد، پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت

زرداری کی ذوالفقار کھوسہ کے گھر آمد، پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد( ما نیٹرنگ ڈیسک، نما ئندہ خصو صی) پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری سابق گورنر پنجاب اور ناراض لیگی رہنما ذوالفقار کھوسہ کے گھر پہنچ گئے ، اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ بھی موجود تھے، انہوں نے دونوں رہنماوں کو پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا میں نے میاں صاحب کو پہلے ہی بتادیا کہ میں چار سال بعد سیاست کروں گا، اب چار سال ہوگئے ہیں اور میں نے سیاست کا آغاز کردیا ہے۔ اس سے قبل نواز شریف کا ساتھ اس لئے دیا کہ کہیں انوکھے لاڈلے سے جمہوریت کو خطرہ لاحق نہ ہو جائے ، عمران خان انوکھا لاڈلہ ہے ، اب میں اسے کیا کہوں ؟ آرمی چیف نے معیشت پر بیان ملکی مفاد میں دیا اور حکمرانوں کو تکلیف ہو گئی ، میں لاہور میں بیٹھ کر مسلم لیگ(ن) کو توڑنے کی کوشش نہیں کر رہا کیوں کہ وہ پہلے ہی ٹوٹ چکی ہے۔ سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کامزید کہنا تھا کہ ملک کی بہتری اور جمہوریت کے لئے نواز شریف کا ساتھ دیا ، انہوں نے 4برسوں میں جو کچھ کیا ، وہ سب کے سامنے ہے،موجودہ حکومت نے ملک کوکھوکھلاکردیاہے،ہماری کوشش ہے کہ موجود ہ حکومت اپنی مدت پوری کرے اور قبل ازوقت انتخابات نہ ہوں ، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی سینٹ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کو شکست دیں گے۔ ملک کیساتھ جوکچھ ہواٹھیک کرناآسان کام نہیں،ہماری اسٹبلشمنٹ یا ادارے سب کوعلم ہے کہ کیا ہورہا ہے مگر سب خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ پہلے ن لیگ کا ساتھ دیا،وہ جمہوریت کا سفرتھا اور اب ملک کے لئے جو بہتر ہوا وہی کریں گے۔ میں مسلم لیگ (ن) کو توڑ نہیں رہا بلکہ وہ پہلے ہی ٹوٹ چکی ہے، کئی لوگ پیپلز پارٹی میں آنے کے لئے تیار ہیں،کوشش ہے کہ اچھے دوستوں کوساتھ لے کرچلوں،اور بہت جلد پارٹی ایک بار پھر تاریخی کامیابی حاصل کرے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار ذوالفقار کھوسہ کا کہنا تھا کہ کسی جماعت کے سربراہ کاگھرآنامیرے لیے اعزازہے، آصف زرداری نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے،میں ذاتی طور پر ان کے ساتھ ہوں ، انہوں نے دوستی کاہاتھ بڑھایا،پیچھے نہیں ہٹوں گا،زرداری سے کچھ مہلت مانگی ہے،دوستوں کیسا تھ مشاورت کے بعدفیصلہ کروں گا۔ہم جب فیصلہ کرینگے تو انشاء اللہ زرداری کومایوس نہیں کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے ن لیگ کے لئے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں مگر 2013ء کے الیکشن کے بعد مشرف کی ٹیم کون لیگ اپنے ساتھ لے آئی، جس سے مجھے بے حد تکلیف ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں بلاول ہاؤس لاہور میں پارٹی کے صوبائی ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکمران جماعت (ن) لیگ اپنی سیاست کو بچانے کے لئے سارے ترقیاتی کام کروا رہی ہے پی ٹی آئی کے پی کے تک محدود ہو گئی ہے سال 2018 کے الیکشن میں ہم بہتر حکمت عملی سے پنجاب‘ بلوچستان اور کے پی کے سے بھی زیادہ نشستیں لیں گے ۔ ۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور، لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ اجلاس کے آغاز پر شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں صوبائی ٹکٹ ہولڈرز نے کھل کر اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا اور اپنی تجاویز سے بھی سابق صدر کو آگاہ کیا ۔اس موقع پر شرکاء نے آئندہ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے لئے کمیٹی بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی لاہور میں مضبوط امیدواروں کا تعین کرے ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ لاہور کے پارٹی راہنماؤں کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہوں۔ اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کارکن الیکشن کی تیاری کریں ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے اور بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) لاہور میں ترقیاتی کام اپنی سیاست بچانے کے لئے کر رہی ہے ،مسلم لیگ (ن)صرف وسطی پنجاب کی حکمران ہے ۔ تحریک انصاف خیبر پختونخوا ہ تک محدود ہو گئی ہے ۔ 2018ء پنجاب ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا ہ سے زیادہ نشستیں لیں گے ۔
زرداری

مزید :

صفحہ اول -