اسد قیصر کیخلاف مہم موٹو گینگ نے چلائی قانونی کارروائی کرینگے،عمران خان

صفحہ اول


اٹک(این این آئی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے ایک رسمی جملے میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہا تھا اسے سیاسی رنگ دیکر میڈیا پر اچھالا گیاجبکہ (ن) لیگی رہنما جاوید لطیف نے جو زبان استعمال کی اسے فوری طورپر دبا دیا گیا۔گزشتہ روزمیڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے کرپشن کی جب نیب سے پوچھا تو انہوں نے کہا ہم نے کسی کو کوئی خط نہیں لکھا ،میں جانتا ہوں اسد قیصر کیخلاف مہم موٹو گینگ نے چلائی، امید ہے اسد قیصر ان کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے،شریف برادران عوام کے پیسے کو بیدردی سے بہااوراشتہاری مہم چلارہے ہیں، صرف 25 سے 30 ارب روپے دونوں بھائیوں کی تصویریں دکھانے پر ضائع کردیا گیا۔ خیبرپختونخوا کے بعد اب پنجاب میں بھی شجرکاری کرنے جا رہے ہیں، ابتدائی طور پر 10 لاکھ درخت لگائے جائیں گے،ٗہم نے خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگانے کا عزم کررکھا ہے جودسمبر 17ء تک پورا ہوجائے گا، ڈبلیو ڈبلیو ایف نے بھی تصدیق کی ہے کہ ہماری شجر کاری مہم میں لگائے گئے 85 فیصد درخت کامیابی سے اگ رہے ہیں۔ پہاڑی علاقوں میں درخت لگانے اور انکی دیکھ بھال کرنے کا کام مقامی افراد کر رہے ہیں جس سے انہیں انکے اپنے علاقوں میں روزگار مل رہا ہے، دریاؤں میں بھی پانی کم ہورہا ہے جبکہ تیزی کیساتھ درختوں کی کٹائی بھی جاری ہے اگر اگر کچھ نہ کیا گیا تو پاکستان ریگستان بن جائے گا۔ ہم اپنے پروگرام کے عین مطابق چل رہے ہیں۔ پاکستان گلوبل وارمنگ سے متاثر ہونیوالے ملکوں میں ساتویں نمبر پر ہے لہٰذا درخت اگانا پاکستان کی ضرورت ہے اسی لئے اب ہم پنجاب میں بھی آئی ایس ایف کے ذریعے درخت لگائیں گے۔

عمران خان