پاکستان ہمسایہ ممالک کیساتھ تصفیہ طلب معاملات حل کرنا چاہتا ہے :وزیراعظم

صفحہ اول

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے پاکستان اپنے تمام ہمسایوں کیساتھ تمام حل طلب مسائل پرامن بات چیت کے ذریعہ حل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے پاکستان کی رشین فیڈریشن اور تاتارستان سمیت اسکے مسلم علاقہ کیساتھ دیرینہ شراکت داری ہے جس سے باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں اہم پیش رفت دیکھنے میں آئیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمہوریہ تاتارستان کے صدر رستم مینیخانوف سے ملاقات کے دوران کیاجنہوں نے اتوار کو ایوان وزیراعظم میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور روس کے درمیان خطہ میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے مثبت کردار اور ہر شعبہ میں مضبوط شراکت داری کے قیام کے عزم کا اظہار کیا۔ تاتارستان کے صدر اور انکے ہمراہ پاکستان کے دورہ پر آئے وفد کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا باہمی دیرینہ تعلقات اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔۔ تاتارستان کے صدر نے وزیراعظم کی جانب سے انکے دورہ پاکستان کے موقع پر بہترین میزبانی پر انکا شکریہ ادا کیااور بتایا کہ تاتارستان کے کاروباری وفد کی لاہور میں ثمرآور ملاقاتیں ہوئی ہیں جبکہ وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے بزنس مینوں پر مشتمل جوائنٹ بزنس فورم باہمی تجارت کے فروغ میں مددگار ثابت ہو گا۔
وزیر اعظم