ایس ای سی پی ریکارڈ میں تبدیلی،تحقیقات کیلئے 4رکنی ٹیم تشکیل
اسلام آباد(اے این این)پاناما کیس تحقیقات میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم(جے آئی ٹی)کی شکایت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی اعلیٰ سطح کی ٹیم تشکیل دیدی گئی جو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی)کے ریکارڈ میں تبدیلی سے متعلق تحقیقات کریگی۔ میڈیا ر پو رٹ میں ایف آئی اے ذرائع کے حوالے سے بتایاگیاہے کہ قائم مقام ڈی جی ایف آئی اے احمد لطیف نے ایس ای سی پی کے ریکارڈ میں تبدیلی کی تحقیقات کیلئے 4رکنی کمیٹی تشکیل دینے سمیت ارکان کے نام وزارت داخلہ کو ارسال کر دیئے ہیں۔ کمیٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ونگ ہیڈکوارٹر مقصود الحسن کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے، دیگر ارکان میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے حضرت علی، ایاز خان اور طاہر تنویر شامل ہیں ۔ کمیٹی سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایس ای سی پی کیخلاف ریکارڈ تبدیل کرنے سے متعلق جے آئی ٹی کے الزامات کی تحقیقات کریگی۔ وا ضح رہے پاناما پیپرز کیس کی تفتیش کیلئے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے عدالت میں درخواست جمع کرائی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ مختلف وفاقی ادارے تحقیقاتی عمل میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں اور جے آئی ٹی اراکین کی جاسوسی کر رہے ہیں۔ دوران سماعت جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا ڈائریکٹر جنرل آئی بی نے اپنے جواب میں اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے نادرا سے ریکارڈ حاصل کیا ہے اور اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آئی بی کا حاصل شدہ ریکارڈ حسین نواز کے پاس کیسے پہنچا؟ اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ عدالت نے اپنے حکم میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو چیئرمین ایس ای سی پی کیخلاف کارروائی اور عملدرآمد رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ٹیم تشکیل