عمران خان کا لانگ مارچ کوئیک مارچ میں تبدیل ہو چکا ہے ،پرویز رشید
اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ جس جھنڈے کی عدم موجودگی نے شیخ رشید کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں اس جھنڈے کو لہرانے بارے ان کی معلومات صفر ہیں، عمران خان کا لانگ مارچ کوئیک مارچ میں تبدیل ہوچکا ہے ، 342 رکنی قومی اسمبلی کے ایوان میں تحریک انصاف کے 35 ارکان ہیں ، باقی 307 ارکان کو انہوں نے اعتماد میں نہیں لیا ، خان صاحب سے کئی بار کہا ہے کہ خود بھی امن سے رہیں عوام کو بھی رہنے دیں ، حکومت اور قوم کی پوری توجہ اس وقت متاثرین کی مدد پر مرکوز ہے ، لانگ مارچ کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے، اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے ، ہم نہ کی کسی دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت کرتے ہیں نہ کسی کو اپنے معاملات میں مداخلت کرنے دیں گے۔منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جس جھنڈے کی عدم موجودگی نے شیخ رشید احمد کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں اس کو لہرانے کے حوالے سے ان کی معلومات صفر ہیں، ابھی تک حکومت نے جنڈا لہرانے کا فیصلہ ہی نہیں کیا تاہم نیشنل فلیگ رولز کو پڑھ کر شیخ رشید بات کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے جو کرے گا اس کے خلاف تحفظ پاکستان بل کے تحت کارروائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی واضح ہے نہ کسی دوسرے ملک میں مداخلت کرنی ہے اور نہ اپنے ملک میں بیرونی مداخلت برداشت کریں گے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے ساتھ کوئی پارلیمانی طاقت نہیں ہے،342 کے ایوان میں سے صرف 35 ممبران ان کے ساتھ ہیں ،307 ممبران کو لانگ مارچ کے حوالے سے اعتماد میں ہی نہیں لیا۔ عمران خان تنہا پرواز کرنا چاہتے ہیں یہ ون ڈے ایونٹ ہو گا، لانگ مارچ کوئیک مارچ میں تبدیل ہو گا،14اگست کی رات کو آئیں گے اور 15 اگست کی صبح واپس چلے جائیں گے تاہم اسلام آباد کی سڑکوں کی صفائی کے لئے سی ڈی اے کا کام بڑھ جائے گا، ہماری ان سے درخواست ہے کہ خود بھی امن سے رہیں اور عوام کو بھی امن سے رہنے دیں۔ حکومت اور عوام کی توجہ آئی ڈی پیز کی بحالی اور مہمان نوازی پر مرکوز ہے۔ عمران خان بھی اس نیک کام میں شامل ہوں ان کے صوبے کا معاملہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے جلوس کے دوران حساس مقامات پر سیکیورٹی کے انتظامات کئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نجی دورے پر سعودی عرب گئے ہیں، پاک سعودیہ تعلقات مثالی ہیں۔ سعودی عرب ہمارا برادر اسلامی ملک ہے جس سے گہرے مضبوط تعلقات ہیں۔