شہباز شریف کا پنجاب بھر میں کو مبنگ آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم

شہباز شریف کا پنجاب بھر میں کو مبنگ آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اورامن و امان کے قیام کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں اورمحرم الحرام کے دوران پرامن فضا کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران گزشتہ برسوں سے بڑھ کر سکیورٹی انتظامات کئے جائیں اورمجالس اور جلوسوں کیلئے روٹ اور وقت کی پابندی یقینی بنائی جائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ضلع کی سطح پر امن کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے اوراپنے اضلاع میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے امن کمیٹیوں کے ارکان متحرک کردار ادا کریں۔صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز قائم کئے جائیں۔جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے 4 درجاتی حصار بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں، جنریٹرز، لائٹس، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگرآلات کا سوفیصد آڈٹ کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وال چاکنگ پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کروں گا۔وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں کسی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے، اس لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں۔صوبائی وزیر کرنل (ر) ایوب گادھی خود اس کام کی نگرانی کریں۔ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے متبادل پلان بنایا جائے اور اسے مشتہر کیا جائے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس نے پنجاب پولیس کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔اجلاس میں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، جہانگیر خانزادہ، مشیر رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن کے بلدیاتی اداروں کے میئرز، چیئرمین ضلع کونسلز، کمشنرز اور آرپی اوز کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ شہبازشریف نے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی افواج کی بلااشتعا ل فائرنگ سے شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین کے لئے مالی امداد کا اعلان کیاہے ۔شہداء کے لواحقین کو 5لاکھ روپے فی کس کے حساب سے مالی امداد دی جائے گی جبکہ شدید زخمیوں کو 75ہزار روپے اور معمولی زخمیوں کو 25ہزار روپے فی کس مالی امداد ملے گی۔وزیراعلی نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید کو ہدایت کی کہ شہداء کے لواحقین کو آج ہی مالی امداد کے چیک دیئے جائیں او رزخمیوں کو بھی آج ہی مالی امداد دی جائے۔شہبازشریف نے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ و گولہ باری کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ شہبازشریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اورچیئرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی ۔دونوں رہنماؤں نے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیری عوام پر مظالم کی شدید مذمت کی ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس کا منعقد ہوا جس میں صوبائی دارالحکومت میں پاک میڈیکل ہیلتھ نمائش کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت رواں ماہ کے آخر میں صوبائی دارالحکومت میں پاک میڈیکل ہیلتھ نمائش کا اہتمام کر رہی ہے ، جس میں ترکی کی وزارت صحت کے اعلیٰ حکام،شعبہ صحت سے وابستہ ترکی اور پاکستان کی کمپنیاں شرکت کریں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نمائش کیلئے سکیورٹی اور دیگر بہترین انتظامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترکی کی جانب سے پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے تعاون جاری ہے۔ نمائش میں ترک کمپنیوں اور ماہرین صحت کی شرکت سے ان کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا اور یہ نمائش ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے حوالے سے سودمند ثابت ہوگی۔ انہو ں نے کہا کہ ہم صوبے کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔۔ صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، شیخ علاؤالدین، معاون خصوصی ملک احمد خان، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز صحت، ماہرین صحت اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ دریں اثناء بہاولپور کے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھائی سے وفادار ہوں اور ہمیشہ رہوں گا،اداروں سے ٹکراؤ کی سیاست نہیں کرنی چاہئے۔

ویراعلیٰ پنجاب

مزید :

صفحہ اول -