پنجاب حکومت اور چین کے مابین کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ کے قیام کا معاہدہ طے
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت پنجاب زرعی کمیشن کاپہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں کسان پیکیج پر عملدر آمد اورکسانوں کی فلاح وبہبود کے اقدامات پر پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کاشتکاروں سے زرعی کمیشن کے قیام کا وعدہ کیا تھا جو کہ دیگر وعدوں کی طرح پورا کر دیا گیا ہے اور پنجاب حکومت نے زراعت کی ترقی کسانوں کی خوشحالی اورزرعی پالیسی مرتب کرنے کیلئے پنجاب ایگریکلچرکمیشن تشکیل دے دیا ہے۔پنجاب ایگریکلچرکمیشن مکمل طورپر خود مختار ہوگا اورپنجاب ایگریکلچرکمیشن کا علیحدہ سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا۔ ہم نے اپنے وعدے کے مطابق ایگر یکلچر کمیشن میں کاشتکاروں کوبھرپور نمائندگی دی ہے ۔کسانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے یہ کمیشن ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور کاشتکار تنظیموں کے نمائندوں کی مشاورت سے فیصلے کئے جائیں گے جن پر فوری عملدرآمد بھی ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکار کے حقوق کے تحفظ کے لئے اس کمیشن کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ وزیر اعلی نے کمیشن کو متحرک اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے سب کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خوراک ،لائیوسٹاک،آبپاشی اور زراعت کے حوالے سے سب کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ان سب کمیٹیوں کے لئے بہترین افراد کا انتخاب کیا جائے کیونکہ اس کمیشن کو ہم نے ملکر متحرک اور فعال بنانا ہے اور کمیٹیوں کی سفارشات کی روشنی میں زرعی پالیسی مرتب کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے زرعی پالیسی کی تیاری کے لئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس کمیٹی میں کاشتکاروں کی تنظیموں کے نمائندوں کو زرعی کمیشن کی طرز پر زیادہ نمائندگی دی جائے گی تا کہ زرعی پالیسی کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت شامل ہو۔انہوں نے کہا کہ فی ایکڑ زرعی پیداوارمیں اضافے اور چھوٹے کاشتکار کی خوشحالی کیلئے تاریخ ساز کسان پیکیج دیا گیا ہے اورکسان پیکیج کی ایک ایک پائی حقداروں تک پہنچائی جائے گی۔کسان پیکیج کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضے دےئے جائیں گے اور پہلی بارایسے چھوٹے کسانوں کو بھی بلاسود قرضے دیئے جائیں گے جو زمین کے مالک نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اورملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسانوں کو اربوں روپے کا پیکیج دیا ہے۔کسانوں کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں ۔اربوں روپے کے غلے کے ضیاع کو روکنے کیلئے جدید سائیلوز بنانا ضروری ہے ۔وزیراعلی نے جعلی زرعی ادویات کے کاروبار کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری زراعت کو ہدایت کی کہ زرعی جعلی ادویات کے خاتمے کو ہر قیمت میں یقینی بنایا جائے ۔سادہ لوح کسانوں کو جعلی زرعی ادویات بنانے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا اورآئندہ چار ماہ میں صوبے بھر سے جعلی زرعی ادویات کے کاروبار کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کے حوالے سے سمال فارمرز ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے قیام کی تجویز اچھی ہے لہذا اس تجویز کاجائزہ لیا جائے اور حتمی سفارشات پیش کی جائیں کسان اتحاد خالد کھوکھر گروپ کے صدر خالد کھوکھر اور دیگر کاشتکار تنظیموں کے نمائندوں نے تاریخ ساز کسان پیکیج دینے اور زرعی کمیشن کے قیام کا وعدہ پورا کرنے پر وزیر اعلی شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی نیت صاف ہے اورآپ نے زراعت کی ترقی اورچھوٹے کاشتکاروں کی فلاح کیلئے قابل قدر اقدامات کیے ہیں ۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان،ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،ڈاکٹر فرخ جاوید،یاور زمان ،مشیر لائیوسٹاک چوہدری ارشدجٹ،چیف سیکرٹری،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اورکسان تنظیموں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلبا و طالبات کے لئے کیرےئر کونسلنگ پروگرام شروع کرنے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے دوران طلبا و طالبات کیلئے کیرےئر کونسلنگ عملی میدان میں مدد گار ثابت ہوتی ہے اور کیریئر کونسلنگ کا پروگرام طلبا و طالبات کی پروفیشنل زندگی میں بھی معاونت کرتا ہے، لہٰذا پروگرام کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اس کے اجراء کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے اور ماہر تعلیم ڈاکٹر امنیہ احمد خان(Dr. Umneea Ahmad Khan) کی آسٹریلیا کی یونیورسٹی میں طلباء کی کیرےئر کونسلنگ پروگرام کے ماڈل کابھی جائزہ لیا جائے۔ وزیراعلیٰنے کہا کہ پنجاب میں تعلیمی شعبہ کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات کی گئی ہیں جو بارآور ثابت ہو رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے کم وسیلہ خاندانوں کے ذہین بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں۔کیرئیر کونسلنگ کے شعبہ کی ماہرڈاکٹر امنیہ احمدخان نے طلبا و طالبات کی کیرےئر کونسلنگ پروگرام کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔ انہوں کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کررہے ہیں۔تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات دورس نتائج کے حامل ہیں۔اجلاس میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین اورڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے شرکت کی۔
شہبازشریف
لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب حکومت اور لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر بیجنگ فرینڈ شپ ہسپتال چائنہ کے مابین ماڈل ٹاؤن میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی ،جس میں وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔چین کے قونصل جنرل یوبورن اورلیورٹرانسپلا نٹ سینٹر بیجنگ فرینڈ شپ ہسپتال چائنہ کے سربراہ اوران کی ٹیم نے تقریب میں شرکت کی۔معاہدے کے تحت چین کا ادارہ لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے اورجگر کے امراض کے علاج معالجے میں تعاون فراہم کرے گا۔معاہدے کی رو سے چین کا ادارہ اپنے تجربات اورمہارت پنجاب حکومت کو منتقل کرے گا۔چین کا ادارہ جگر کے امراض کے علاج معالجے کے حوالے سے ڈاکٹروں ،نرسوں، ٹیکنیشنز،ٹرانسپلانٹ کو آرڈینٹیرزاوردیگر عملے کی تربیت میں بھی تعاون کرے گا۔پنجاب حکومت کی طرف سے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ جبکہ لیورٹرانسپلانٹ سینٹر بیجنگ فرینڈ شپ ہسپتال چائنہ کے سربراہ پروفیسرژوزی چن(Prof.Zhu Zhi Jun) نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے محکمہ صحت اورلیورٹرانسپلانٹ سینٹر بیجنگ فرینڈ شپ ہسپتال چائنہ کے مابین طے پانے والا معاہدہ خوش آئند ہے اوراس معاہدے پر عملدر آمد سے چین کے ادارے کی مہارت اورٹیکنالوجی پنجاب حکومت کو منتقل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا عظیم دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ہاتھ تھاما ہے ۔چین کے ادارے کے سربراہ اوران کے ماہرین کی ٹیم کا جگر کے امراض میں علاج معالجے اورپاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے میں تعاون کے معاہدے کے لئے یہاں آنا دوطرفہ دوستی اورتعاون کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں چینی ادارے کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر پنجاب حکومت،مشیر صحت ،چیف سیکرٹری اوران کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں ۔لیورٹرانسپلانٹ سینٹر بیجنگ فرینڈ شپ ہسپتال چائنہ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ژوزی چن نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جگر کے ہسپتال کے قیام اورجگر کے امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے تعاون کریں گے اورپنجاب حکومت کے ساتھ اپنے تجربات اورتکنیکی مہارت شےئر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان آئرن بردارز اوردونوں ممالک کی دوستی بے مثال ہے ۔چینی قونصل جنرل یوبورن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے چین کے کامیاب دورے کے نتیجے میں چین کے ادارے اور پنجاب حکومت کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت منصوبوں پر تیزرفتاری کے ساتھ کام ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین نا صرف عظیم دوست بلکہ عظیم پارٹنر بھی ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے مابین باہمی احترام اوردلی لگاؤ کا رشتہ موجود ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنیوں چائنہ ریلوے اور نورینکوکے وفد نے ملاقات کی،جس میں لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے سول ورکس پر ہونیوالی پیش رفت پر بات چیت ہوئی۔چینی وفدنے منصوبے کے سول ورکس پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیااور لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔چینی وفد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ملکرمنصوبے کو تیزی سے آگے بڑھارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چین کی جانب سے دیگرممالک میں لگائے گئے ایسے منصوبوں کے مقابلے میں اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ اعلی معیار کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چینی وفدسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ پاک چین دوستی ، محبت او رخلوص کا غیر معمولی تحفہ ہے ۔ چین کے صدر ، وزیر اعظم اور حکومت نے یہ تحفہ پاکستان خصوصا لاہور کے عوام کو دیا ہے اور منصوبے کے سول ورکس پر اعلی معیار کا کام کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میٹروٹرین کا منصوبہ فن تعمیر ، شفافیت اور اعلی معیار کا عظیم شاہکار ہو گا اور عام آدمی کو عالمی معیار کی جدید ، تیز رفتار اور باکفایت سفری سہولتوں کی فراہمی کے لئے یہ منصوبہ ایک گیم چینجرثابت ہو گا۔ پاکستان کے عوام چین کے اس عظیم تحفے کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ عام آدمی کے اس عظیم الشان منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔چیف سیکرٹری، خواجہ احمد حسان، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔