وزیر اعظم نواز شریف نے ایک دھیلے کی بھی کرپشن کی ہو تو ذمہ دار میں ہوں گا : شہباز شریف
ملتان (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملتان میں میٹروبس پراجیکٹ کا افتتاح جنوبی پنجاب کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کے حوالے سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی ولولہ انگیز قیادت میں جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ملتان میں جدید ٹرانسپورٹ کا نظام متعارف کرایا گیاہے۔عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا وزیراعظم محمد نوازشریف کا ویژن تھا ،ہے اوررہے گا۔دنیا میں وہی قومیں آگے بڑھتی ہیں جہاں آمدورفت کی جدید سہولتیں میسر ہوں، اعلیٰ سڑکیں‘ پل اور ذرائع رسل و رسائل موجود ہونگے تو لوگ اپنے کام کی جگہ وقت پر پہنچ سکیں گے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے 90کی دہائی میں لاہوراسلام آباد موٹر وے کا آغاز کیاتو اس پر بے پناہ تنقید کی گئی لیکن آج موٹر وے کے منصوبے کے بدترین ناقدین بھی اپنے خاندانوں کے ساتھ اس پر سفر کرتے ہیں ۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قومی لیڈر شپ کے تحت پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایاگیا ہے اوریہ پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری دور ہے۔وزیراعظم محمد نوازشریف پاکستان کے وہ لیڈر ہیں جنہوں نے ملک کے طول وعرض میں ترقی اورخوشحالی کے ایسے مینار قائم کیے ہیں جن کی روشنی سے پاکستان ہمیشہ جگمگاتارہے گااور اب ان موٹر ویز کا جال پورے ملک میں پھیلایاجا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت اور سربراہی میں 2008-13ء اور اس کے بعد آج تک پاکستان میں جتنے ترقیاتی کام ہورہے ہیں وہ اس بات کہ گواہ ہیں کہ نواز شریف ہی پاکستان کا وہ سپوت اور لیڈر ہے جس نے اپنے ادوارِ حکومت میں چاروں صوبوں کے اندر ترقی کے وہ مینارے قائم کئے جن کی روشنی رہتی دنیا تک رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ جن کی کرپشن اعلیٰ عدالتوں اور سپریم کورٹ کے فیصلوں میں ثابت ہوچکی ‘ وہ اعلیٰ عدالتوں میں پانامہ کی گرد اُڑا کر اس میں چھپنا چاہتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ یا تو اللہ جانتا ہے یا سپریم کورٹ کو پتہ ہوگا کہ کیا فیصلہ آنے والا ہے لیکن اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ وہ جن کی لوٹ مار ثابت ہوچکی ہے ان کو بھی عدالت عظمیٰ کٹہرے میں لے کر آئے۔یہ زیادہ نہیں سو پچاس لوگ ہیں جن کے گرد شکنجہ کسنے سے پاکستان کے عوام کا بھلا ہوگا۔ وہ ملتان میٹروبس پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ ملتان میں ساڑھے 18کلو میٹر طویل میٹروبس کے روٹ پر 28ارب روپے خرچ ہوئے ہیں،جس میں ساڑھے 4ارب روپے سے زمین ایکوائر کی گئی ہے اورحکومت نے اراضی کے حصول کیلئے اراضی مالکان کو بہترین معاوضہ دیا ہے اورحکومت کا یہی کام ہوتا ہے کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیناجبکہ ماضی کے ادوار میں شہریوں کی جیبوں سے پیسہ نکال کر انہیں کنگال کیاگیا۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کے دور حکومت اورماضی کی حکومت کا یہی فرق ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملتان میٹرومنصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اوراب دوسرے مرحلے کا آغازکیا جائے گا اورمیری کوشش ہوگی کہ ملتان میٹروبس پراجیکٹ کا دوسرا مرحلہ ایک برس میں بن جائے۔وزیراعلیٰ نے دھرنوں کے ذریعے ملک کی ترقی اورخوشحالی میں رخنہ ڈالنے والوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ساڑھے تین برس کے دوران پاکستان کو بدترین دھرنوں کاسامنا کرنا پڑا۔دھرنا دینے والوں کے عزائم پاکستان کی قسمت کھوٹا کرنے کیلئے تھے اوریہ دھرنے خدانخواستہ پاکستان کا دھڑن تختہ کرنے کیلئے دےئے گئے۔بدقسمتی سے دھرنوں کے باعث ملک و قوم کا قیمتی ڈیڑھ برس ضائع ہوا ۔اگر یہ وقت ضائع نہ ہوتا تو ملتان میٹروپراجیکٹ اور دیگرکئی منصوبے بہت پہلے مکمل ہوچکے ہوتے۔دھرنا دینے والوں کو غریب عوام سے ہمدردی تھی نہ ہے۔پاکستان کے غریب عوام سے ان دھرنے والوں کا کوئی تعلق نہیں ،یہ صرف اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں ۔لاک ڈاؤن اوردھرنے دیکریہ پاکستان کی قسمت کو دوبارہ کھوٹا کرنا چاہتے تھے ۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی تائید و حمایت اوردعاؤں سے دھرنے اورلاک ڈاؤن سب دفن ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے منصوبوں میں کوئی مائی کا لعل ایک دھیلے کی کرپشن کا ٹھوس ثبوت لے آئے تو میں اس تقریب میں موجود تمام لوگوں کو گواہ بنا کر اس کی ذمہ داری لوں گا۔ایک پائی کی کرپشن ثابت ہوجائے توذمہ دار میں ہوں گا۔انہوں نے کہا کہ الزامات کی بوچھاڑ تو ہوتی رہتی ہے اور آج سب سے زیادہ کاروبار انہی الزامات کی فیکٹریوں کاچمک رہا ہے ۔میٹروبس پراجیکٹس ہوں ،توانائی کے منصوبے یا کوئی اور منصوبہ، یہ تمام شفافیت اورمعیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میں ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں کہ ملتان میٹروبس کا پراجیکٹ معیار کے لحاظ سے لاہوراورراولپنڈی، اسلام آباد کے میٹروپراجیکٹس سے کہیں زیادہ بہتر ہے ۔اگر چہ لاہور اور راولپنڈی،اسلام آباد کے میٹروپراجیکٹس بھی معیار کے لحاظ سے بہتر ہیں لیکن ہم نے ان منصوبوں سے بہت کچھ سیکھا ہے اورخوب سے خوب تر کی تلاش میں لگے رہتے ہیں،میں اللہ تعالیٰ کو گواہ بنا کرکہتا ہوں کہ وزیراعظم محمدنوازشریف جب کاروبار کرتے تھے،جب وہ دو باروزیراعلیٰ رہے اور اب تیسری بار وزیراعظم بنے ہیں، اگرانہوں نے ایک دھیلے کی بھی کرپشن کی ہو تو اس کا ذمہ دار میں ہوں گا۔ اگر انکی سربراہی میں بننے والے کسی منصوبے میں کرپشن ثابت ہو جائے تو اسکی ذمہ داری میں لوں گا،میٹروبس کے افتتاح کے موقع پر پورا ہال بھرا ہوا ہے کوئی تو ہو گا جس کوکسی منصوبے میں کرپشن نظر آئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پنجاب میں 3600میگاواٹ کے گیس پاور منصوبے پر دن رات کام ہورہا ہے اوران منصوبوں میں 112ارب روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں جبکہ ہمارے دیگر منصوبے بھی شفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں جبکہ دوسری طرف سپریم کورٹ کے فیصلے بھی آچکے ہیں ۔اپنے ملازموں کے نام پر شےئر منتقل کر کے ملک کی دولت پر ہاتھ صاف کیاگیا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ۔پاناما کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اس کا جو بھی فیصلہ آنا ہے اللہ تعالیٰ جانتے ہے یا سپریم کورٹ لیکن جنہوں نے پاکستان کی دولت کو بے دردی سے لوٹا ہے انہیں بھی کٹہرے میں لانا ہوگا۔یہ نہیں ہوگا کہ پاکستان کے غریب عوام کی خون پسینے کی کمائی ہڑپ کرلی جائے۔قوم یہ کسی صورت نہیں ہونے دے گی۔ہم نے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے ۔سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ جہاں فیصلے آچکے ہیں تو سپریم کورٹ یہ بھی فیصلہ کرلے ۔پچاس سے سو لوگ کٹہرے میں آئیں گے تو دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہوجائیں گے اور پاکستان حقیقی معنوں میں قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ان تمام شہریوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے میٹرو منصوبے کے لئے اپنی زمین دی ۔ انہوں نے شہر کے عوامی نمائندوں‘ سیاسی اکابرین‘ چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر ملتان اسداللہ خان سمیت ان کی پوری ٹیم کو ملتان میٹرو منصوبہ مکمل کرنے پر مبارک باد دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ترکی کے وزیر اعظم کے مشیر کامل کولپاس نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، ہیلتھ کےئر،سکل ڈویلپمنٹ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اورترکی نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے ۔ ترک صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکی نے چند برس کے دوران بے مثال ترقی کی ہے ۔ ترک عوام اپنے محبوب قائد رجب طیب اردوان سے والہانہ محبت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی متعدد کمپنیاں پاکستان خصوصاً پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کررہی ہیں ،اسی طرح ترکش کوآپریشن اینڈ کوارڈینیشن ایجنسی (TIKA)کی جانب سے پنجاب حکومت کیساتھ ہیلتھ کےئر سسٹم کی بہتری اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبے میں تعاون لائق تحسین ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ رجب طیب اردوان گورنمنٹ آف پنجاب ہسپتال مظفرگڑھ کی توسیع کے منصوبے پرکام کا آغاز کردیا گیاہے اورتوسیع کے بعد ہسپتال میں بستروں کی تعداد 250تک ہوجائے گی جبکہ بعد میں مزید بستروں کااضافہ کرکے ہسپتال کو500بیڈزتک بڑھایا جائے گااوراسے ٹیچنگ ہسپتال بنائیں گے۔ترکی کی جانب سے سکل ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں تعاون سے نوجوانوں کو مزید مواقع میسر آئیں گے ۔ ترکی کے وزیراعظم کے مشیر کامل کولپاس نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ہیلتھ کےئر سسٹم اورسکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں ہر طرح کاتعاون جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے بے مثال کام کیا ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان، پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے شوکت ہارون، چیئرمین ٹیوٹااور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
شہباز شریف