حامد خان گروپ کے چودھری تنویر اختر لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدرمنتخب

حامد خان گروپ کے چودھری تنویر اختر لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدرمنتخب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(نامہ نگار)لاہور بار کے انتخابات میں میاں اسرار اور حامد خان گروپ کے چودھری تنویر اختر عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار ملک ارشد کو 608ووٹوں سے شکست دے کر لاہور بار کی صدارت کی نشست جیت لی، کامیابی کے بعد ان کے حامیوں نے جشن منایا،ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں۔لاہور بار کے 23جنوری کو ہونے والے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل 24گھنٹے تک جاری رہا، انتخابی نتائج کے مطابق صدر کی نشست پر چودھری تنویر2463ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل عاصمہ جہانگیرگروپ کے صدارتی امیدوارملک ارشد 1855ووٹ حاصل کرسکے، نائب صدر کی دو نشستوں پر نوید چغتائی نے 2371جبکہ عرفان صادق تارڑ1777ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ، سیکرٹری کی نشست پر فرحان مصطفی جعفری نے 2155ووٹ لے کرکامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار وں اجمل خان کاکڑ 1036،ملک فیصل اعوان 1249اورملک سہیل مرشد نے 1216ووٹ حاصل کئے ۔نائب صدر ماڈل ٹاؤن کی نشست پر حسام الدین اور نعیم وٹو 6،6ماہ کے لئے بطور نائب صدر کام کریں گے جبکہ لائبریری کی نشست پر ملک ممتازاعوان 2041ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل امیدوارسمیع اللہ خان 1961ووٹ حاصل کئے ،جوائنٹ سیکرٹری عالیہ عاطف، فنانس سیکرٹری شاہد بھٹی، آدیٹر کی نشست پر ثمینہ طفیل ملک کو بلا مقابلہ قرار دیا جا چکا ہے ۔نائب صدر عرفان صادق تارڑ اور سیکرٹری فرحان مصطفی جعفری کا کہنا ہے وہ کالے کوٹ تقدس کو پامال نہیں ہونے دیں گے جبکہ کامیاب قرار دیئے جانے کے بعد امیدواروں کے حامیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور رقص کیا جبکہ کامیاب ہونے والے امیدوارں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ لاہور بار کے نومنتخب صدرچودھری تنویر اختر نے وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کالے کوٹ کے تقدس کو پامال نہیں ہونے دیں گے جو انہوں اپنے منشور میں وکلاء سے وعدے کئے ہیں ان پر مکمل طور عمل کریں گے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے۔انہوں نے اپنے تمام وکلاء بھائیوں کا شکریہ ادا کیا اس کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے اپنے ووٹرز کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد کامیاب امیدواروں کو کندھوں پر اٹھا کر سیشن کورٹ کا چکر لگوایا گیا۔
لاہور بار،صدر
لاہور(کامران مغل)لاہور بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر چودھری تنویر اخترنے کہا ہے کہ وکلاء کی عزت نفس کی پامالی ،ان کے تقدس اورکالے کوٹ کی بے حرمتی کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ،جن سرکاری اداروں میں وکلاء کے تقدس کو پامال کیا جاتا ہے ان کے خلاف اعلان جہاد ہے ،صدارت کی سیٹ پر منتخب کرنے والے وکلاء کو کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔ وکلاء برادری کے لئے ہاؤسنگ کالونی ،ہسپتال سمیت فنڈز کی بحالی اوروکلاء کی فلاح و بہبود سرفہرست ہوں گی ،بار اور بینج کے درمیان پل کا کردار ادا کیا جائے گاجبکہ خصوصی طور پرخواتین وکلاء کو درپیش حل کرنامسائل ان کی اولین ترجیحات ہوں گے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور بار کے نو منتخب صدرچودھری تنویر اختر نے نمائندہ "پاکستان"سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وکلاء برادری کے بے حد مشکور ہیں کہ انہوں نے انہیں صدارت کی سیٹ سے نواز ہے تاہم وہ وکلاء برادری کے اس فیصلے کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی اور ناکامی اللہ کی طرف سے ہوتی ہے تاہم اللہ جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے ۔خصوصی طور پر نوجوان وکلاء کے لئے پروفیشن تربیت کے لئے لیکچر کا انعقاد بھی کیا جائے گاتاکہ نوجوان وکلاء فیلڈ میں اچھے وکیل کے طور پر ابھر سکیں اورمستحق نواجوان /خواتین وکلا ء کو بہتر ذریعہ معاش حاصل ہوسکے اوران کی پیشہ ورانہ تربیت بھی ہوسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کا اولین مقصد ہے کہ وکلاء کی ہاؤسنگ سوسائٹی اور ہسپتال کے ساتھ سیشن کورٹ، سول کورٹ اور ضلع کچہری کے لئے پارکنگ کے مسئلہ کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے اور اس کے لئے جدوجہد بھی شروع کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے بجٹ میں موجود وکلاء کی فلاح و بہبود کے لئے مختص کوٹہ کے ذریعے سابقہ واجبات کی منظوری اور انہیں حاصل کرکے وکلاء کی فلاح پر خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ سرکاری اداروں میں وکلاء کی پامال ہونے والی حرمت کو قائم کرکے کالے کوٹ کے تقدس کی بحالی بھی اولین ترجیح ہے اور بار و بنچ کے درمیان پیدا ہونے والی خلا کو پر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان وکلاء کے ساتھ سینئر وکلاء کی رہنمائی حاصل کرتے ہوئے آئین کی بحالی پر آنے والی ہر قسم کی ضرب کو مٹا دیا جائے گا انہو ں نے کہا کہ وکلاء کی طرف سے آئین کی بحالی کے لئے ہونے والی ہر تحریک میں شانہ بشانہ رہے اور کالے کوٹ کی حرمت کو پامال نہیں ہونے دیاگیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں میں وکلاء کی حرمت اور وقار کی بلندی ہی انکا مشن ہے ،جن سرکاری اداروں میں وکلاء کے تقدس کو پامال کیا جاتا ہے ان کے خلاف اعلان جہاد ہے اور اب کسی بھی طرح وکلاء کے تقدس اور کالے کوٹ کی بے حرمتی برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ وکلاء آئین اور قانون کی پاسداری کے علمبردار ہیں اور اگر وہ آئین اورقانون کی بحالی اور تحفظ کے لئے ہر قسم کی قربانی دے سکتے ہیں تو اپنے پیشہ کے تحفظ کیلئے کچھ بھی کر سکتے ہیں ۔

مزید :

صفحہ اول -