امریکہ پاکستان کو اتحادی سپورٹ فنڈ کے مزید 337ملین ڈالر دینے پر رضا مند
اسلام آباد(اے این این)امریکہ پاکستان کو جلد اتحادی سپورٹ فنڈکے تحت 337 مزیدملین ڈالر کی امداد فراہم کر نے پر رضا مند ہو گیا۔سی ایس ایف قسط کی ادائیگی کیلئے امریکی حکومت نے پندرہ روز قبل ہی کانگریس کو تحریک ارسال کردی ہے ۔اس نوٹس کا دورانیہ رواں ہفتے ہی اختتام پذیر ہوگا جس کے بعد پاکستان کو رقم فراہم کردی جائے گی ۔پاکستان 30جون سے پہلے ہی اس قسط کی ادائیگی کا منتظر تھا تاکہ اس کو بجٹ میں مختص کیاجاسکے لیکن تاخیر نے حکومت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق 2014ء کے 675ملین ڈالر فنڈکی نسبت امریکہ نے یہ امداد بڑھا کر 1.7بلین ڈالر کردی ہے ۔س ایس ایف پاکستان کے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دفاعی اخراجات پورے کرنے کیلئے ایک امدادی رقم ہے۔پاکستان نے 2001ء سے لے کر اب تک امریکہ سے 13بلین ڈالر سی ایس ایف کی مد میں وصول کیے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق حالیہ فنڈ بھی شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشتگردوں کا صفایا کرنے کے بعد جاری کیا جارہاہے ۔کیری لوگر بل کے تحت امریکہ نے مالی سال 2015ء میں صرف 5.2بلین ڈالر امداد دی ہے جبکہ امریکہ نے کیری لوگر بل کے تحت 2010ء سے 2015ء تک سالانہ 1.5بلین ڈالر کے حساب سے 7.5بلین ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا ۔