ڈی آئی خان ، چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام ، 3ہلاک ، پشاور میں4دہشتگرد گرفتار
پشاور،ڈیرہ اسماعیل خان(مانیٹرنگ ڈیسک +آن لائن) درابن کے قریب چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں تینوں دہشت گرد مارے گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کردیا تاہم پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ڈی پی او ڈی آئی خان کے مطابق مرنے والے دہشت گردوں کی شناخت وحید، مجید اور اقبال کے نام سے ہوئی ہے جس میں سے اقبال کے سر کی قیمت 30 لاکھ تھی جب کہ دہشت گرد فوج، پولیس اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔سی سی پی او طاہرخان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پشاورمیں خزانہ کے علاقے میں انٹلی جنس بنیادوں پرکیے گئے آپریشن کے نتیجے میں محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، آپریشن کے تحت 4 مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے 2 دستی بم، 3 ایس ایم جیز اور2 پستول سمیت 5 کلو بارود بھی برآمد کیا گیا۔سی سی پی او کا کہنا تھا کہ گرفتاردہشت گرد سیکورٹی فورسزپرحملوں میں بھی ملوث ہیں، دہشت گردوں میں عبد اللہ محرم الحرام کے دوران پشاور میں بارود نصب کر رہا تھا جس کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے جب کہ دوسرا فورسز پر حملوں میں ملوث، تیسرا اورچوتھا دہشت گرد بھتہ خوری اور دیگر وارداتوں میں مطلوب تھے۔
ڈی آئی خان