ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر 24 گھنٹے قید کی سزا
جدہ ( محمد اکرم اسد ) ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر 24 گھنٹے قید کی سزا ہو گی۔ ہیڈ فون استعمال کیا جاسکتا ہے۔ محکمہ ٹریفک پولیس کے مرکزی ترجمان کرنل طارق الربیعان نے کہا کہ قوانین لوگوں کی سلامتی کے لئے مرتب کئے جاتے ہیں جن پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ زیادہ تر ٹریفک حادثات قوانین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال انتہائی خطرناک ثابت ہوتا ہے اس حوالے سے محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے متعدد بار آگاہی مہم چلائی گئی تاکہ لوگوں کو اس کے خطرناک پہلوؤں سے آگاہ کیا جاسکے۔ حادثات کی روک تھا م اور ٹریفک کو منظم رکھنے کیلئے قوانین مرتب کئے جاتے ہیں جن پرعمل نہ کرنے والوں پر سزا کا نفاذ کیا جاتا ہے تاکہ وہ خود اور دوسرے بھی خطرناک حادثات سے محفوظ رہیں۔ کرنل طارق الربیعان کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے حادثات پر قابو پانے اور لوگوں کی حفاظت کے پیش نظر وقتا فوقتا آگاہی مہم چلائی جاتی ہے اس ضمن میں محکمہ کی جانب سے ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال کے سنگین خطرات کے بارے میں لوگوں کو متنبہ کیا جا چکا ہے علاوہ ازیں انتباہی پیغامات بھی مختلف شہروں میں چسپاں کئے تھے جن پر واضح انداز میں موبائل فون کے استعمال کی ممانعت کی گئی تھی تاکہ لوگوں کو خطرات سے آگاہ کیا جاسکے۔
سزا