ٹرمپ اپنا ہیلتھ بل منظور کرانے میں ناکام ، صدارت کے دوماہ میں مسلسل بڑے جھٹکے

ٹرمپ اپنا ہیلتھ بل منظور کرانے میں ناکام ، صدارت کے دوماہ میں مسلسل بڑے جھٹکے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 واشنگٹن (اظہر زمان، خصوصی رپورٹ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سابق صدر بارک اوباما کی خصوصی شناخت والے ’’اوباما کیئر‘‘ کی جگہ اپنے ’’ہیلتھ کیئر‘‘ پروگرام کو نافذ کرنے والے بل کو منظور کرانے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف سابق صدر بارک اوباما بھی اپنے پروگرام کے دفاع کیلئے طویل عرصے کی خاموشی توڑ کر میدان میں آگئے ہیں۔ ٹرمپ نے سابق صدر کے خلاف اپنی فتح کے اعلان کیلئے 23 مارچ کا دن منتخب کیا تھاجس روز انہوں نے اپنے ہیلتھ کیئر بل کو ایوان نمائندگان سے منظور کرانا تھا۔ دراصل 23 مارچ ’’اوباما کیئر‘‘ کی سالگرہ کا دن ہے اور مقصد اوباما اور ڈیمو کرسٹیں کو اسی دن دھچکا پہنچانا تھا لیکن یہ مقصد الٹا پڑ گیا۔ ایوان نمائندگان کے ری پبلکن سپیکر پال رائن نے مطلوبہ ووٹ نہ ملنے کے خدشے کے پیش نظر ٹرمپ کے مشورے پر بل واپس لے لیا۔ صدر ٹرمپ نے اس ناکامی کا ذمہ دار ڈیمو کر یٹس کو قرار دیا جنہوں نے ٹرمپ کے بل کی حمایت سے واضح انکار کر دیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں رپورٹرز کو بتایا کہ بل منظور کرانے کیلئے دس پندرہ ووٹوں کی کمی تھی۔ اصل میں ری پبلکن پارٹی کے اپنے قدامت پسند ’’فریڈم کاکس‘‘ نے بھی بل کی حمایت نہیں جس پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا ’’ہم نے وفاداری کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے۔ یہ ہمارے دوست تھے جنہوں نے مایوس کیا ہے۔ مجھے علم ہے کہ ری پبلکن پارٹی کے اندر پسند اور ناپسند کی طویل تاریخ میری آمد سے پہلے ہی موجود ہے۔‘‘ صدر ٹرمپ نئی صورت حال میں ’’اوباما کیئر‘‘ کو جاری رکھنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس برے پروگرام کی وجہ سے میڈیکل انشورنس کمپنیاں چھوڑ کر جا رہی ہیں اور لوگ دیکھیں گے کہ اس کی وجہ سے کتنی خرابی پیدا ہوتی ہے ایسا لگتا ہے کہ صدر ٹرمپ اپنی صدارت کے پہلے دو ماہ کے اندر ہی اتنے بڑے دھچکے پر اپنی خفت مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہیں مسلسل بڑے جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔سابق صدر اوباما نے ’’اوبامہ کیئر‘‘ کی سالگرہ کے دن اپنی خاموشی توڑتے ہوئے اپنی خصوصی شناخت والے میڈیکل انشورنس پروگرام کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اوباما کیئر‘‘ میں کوئی ایسی بری چیز نہیں ہے جسے ٹرمپ درست کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اس انشورنس کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال بہتر ہوئی ہے اور ایک لاکھ کے قریب جانوں کو بچایا گیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ’’اوباما کیئر‘‘ کے باعث امریکہ زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ سابق صدر اوباما نے 2010ء میں یہ بل منظور کرایا تھا جس میں ڈیمو کریٹک پارٹی کی ایوان میں اقلیتی لیڈر نینسی پلوسی نے اہم کردار ادا کیا تھا اور اب اس کی تنسیخ کو روکنے میں بھی انتہائی سرگرم رہی ہیں۔دریں اثنا اپنی ان ناکامیوں کے بعد صدر ٹرمپ نے نئی ٹیکس اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے ان پر توجہ مرکوز کر دی ہے ۔

ٹرمپ ناکامی

مزید :

صفحہ اول -