دہشتگردوں کی جانب سے سرمایہ کاری کے ذریعے رقم بڑھانے کا انکشاف
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں دہشتگردوں کی جانب سے کی جانے والی پے در پے کارروائیوں کے بعد جہاں آپریشنز کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے، وہیں ان دہشتگردوں کے فنڈنگ کے راستے بھی بند کرنے کی سر توڑ کوششیں جاری ہیں۔تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے اپنا پیسہ سرمایہ کاری کے ذریعے بڑھانا شروع کر دیا ہے۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی عمر شاہد کہتے ہیں کہ اس سرمایہ کاری کے خلاف بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور 3 ایسے ذرائع بھی کھوج لئے گئے ہیں جہاں دہشتگردوں کا پیسہ کاروبار کی شکل میں استعمال ہو کر واپس ان تک پہنچتا ہے۔ عمر شاہد کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لئے ہر ادارے کو کردار ادا کرنا ہو گا۔دہشتگردوں کی جانب سے کی گئی سرمایہ کاری کو روکنا بھی اب قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہداف میں شامل ہے اور اس حساس معاملے کی تحقیقات کی زد میں کئی دیگر ادارے بھی آ سکتے ہیں۔دہشتگردوں کے کاروبار میں پیسہ لگانے کے معاملے پر ترجمان سٹیٹ بینک عابد قمر کا کہنا ہے کہ پیسوں کا غیرقانونی استعمال کرنے والوں کیخلاف ملک میں اینٹی منی لانڈرنگ لاء موجود ہے، اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کیلئے فنانسنگ مانیٹرنگ یونٹ بھی قائم ہے۔
دہشتگرد/ سرمایہ کاری