پولیس کی جاسوسی کرنیوالا ملزم گرفتار
لاہور (خبر نگار)لاہور میں پولیس کی وائرلیس ٹرانسمیشن کی جاسوسی کرنے والے ملزم کو سی آئی اے پولیس کے حوالے کر دیا گیا، ملزم کو 6 روز قبل حساس اداروں نے حراست میں لیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، حساس اداروں نے 20 فروری کو پشاور کے رہائشی نعمان خان کو جاسوسی کے شبہ میں حراست میں لیا تھا۔ ملزم سے تفتیش کی تو اس نے پولیس لائنز سمیت دیگر اہم فریکوئنسیز سے معلومات حاصل کرنے کا انکشاف کیا۔ملزم نے بتایا کہ اس کے دو ساتھی اور بھی ہیں جن کے نام حوا خان اور وحید خان معلوم ہوئے ہیں جو تاحال روپوش ہیں۔ تاہم گرفتار ملزم کے قبضہ سے 12 وائرلیس سیٹ برآمد کئے گئے ہیں جبکہ تھانہ قلعہ گوجر سنگھ میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے