ٹوم پیریز امریکی دیمو کریٹس کے سربراہ مقرر

ٹوم پیریز امریکی دیمو کریٹس کے سربراہ مقرر
 ٹوم پیریز امریکی دیمو کریٹس کے سربراہ مقرر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہر زمان سے) امریکی ڈیمو کریٹس نے صدر ٹرمپ اور ان کی پارٹی کامقابلہ کرنے کیلئے سابق وزیر محنت ٹوم پیریز کو اپوزیشن لیڈر منتخب کیا ہے ۔ انکو ڈیموکریٹک پارٹی کی تعمیر نو اور ری پبلیکن صدر ٹرمپ کی مخالفت میں اقدامات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے ۔پارٹی کے سربراہ منتخب ہونے والے وہ پہلے لاطینی اوریجن والے لیڈر ہیں۔ ہفتے کے روز امریکہ کے مشرقی ساحل پر واقع جارجیا کی ریاست کے صدر مقام اٹلانٹا پر پارٹی کی نیشنل کمیٹی کے 435 ارکان نے اپنے نئے سربراہ کا چناؤ کیا۔ ٹام پیریز کو 235 جبکہ ان کے حریف ریاست منی سوٹا سے تعلق رکھنے والے سیاہ فام کانگریس مین کیتھ ایلیسن کو 200 ووٹ ملے۔ ڈیمو کریٹک انتخابات میں گروپ بندی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اتوار کی صبح صدر ٹرمپ نے فوری طور پر یہ الزام لگا دیا کہ ہیلری کلنٹن کے حمایت یافتہ امیدوار کو جتانے اور ہیلری کلنٹن کے مقابلے پر پارٹی نامزدگی حاصل کرنے میں ناکام رہنے والے سینیٹر بری سینڈرس کے حمایت یافتہ امیدوار کو ہرانے کیلئے دھاندلی کی گئی ہے۔ صدر ٹرمپ کے ٹویٹ کے جواب میں برنی سینڈرس نے سی این این کے پروگرام ’’سٹیٹ آف یونین‘‘ میں واضح کیا کہ ان انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی تاہم وہ اس انتخابی نظام سے متاثر نہیں ہیں جس میں پوری پارٹی کے ارکان کی بجائے صرف نیشنل کمیٹی کے ارکان کو چیئرمین چننے کا اختیار دیا گیا ہے۔ ہفتے کے روز ہونے والے انتخابات کے پہلے راؤنڈ میں کم ووٹ حاصل کرنے والے دیگر پانچ امیدوار دوڑ سے باہر نکل گئے۔ ٹام پیریز نے اپنی فتح کی تقریر میں یہ اعلان کیا کہ ان کی پارٹی متحد ہوکر ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری بار صدر منتخب ہونے سے روکنے کیلئے بھرپور جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے تالیوں کی گونج میں ایوان کے اتفاق رائے سے ہارنے والے امیدوار کانگریس مین کیتھ ایلیسن کو ڈپٹی چیئرمین نامزد کردیا۔ صدر ٹرمپ نے ڈیمو کریٹک پارٹی میں اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ جس طرح ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدارتی نامزدگی کے دوران برنی سینڈرس کو منتخب ہونے سے روکا گیا تھا اسی طرح سینڈرس کے حمایت یافتہ پارٹی چیئرمین کے امیدوار کو بھی دھاندلی کے ذریعے منتخب ہونے سے روکا گیا ہے۔ ہفتے کے روز اپنے انتخاب کے بعد اتوار کی صبح مختلف ٹی وی چینلز پر اپنے انٹرویو میں منسٹر ٹام پیریز نے ٹرمپ پر سخت تنقید کی اور انہیں تاریخ کا سب سے خراب صدر قرار دیا اور کہا کہ ان کا انتخاب امریکہ کیلئے ایک ڈراؤنے خواب کی طرح ہے۔ ڈیمو کریٹک پارٹی کے نئے منتخب چیئرمین ٹام پیریز نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے پارٹی چیئرمین کے انتخاب کو دھاندلی قرار دے رہے ہیں جبکہ اصل میں یہ تحقیق کرنے کی ضرورت ہے کہ 2016ء کے صدارتی انتخاب میں ٹرمپ اور پیوٹن میں کیا ملی بھگت ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا اتحاد ہماری پارٹی کا اتحاد ہماری سب سے بڑی قوت ثابت ہوگا۔ نئے ڈیمو کریٹک چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ ہمیں صدارتی انتخابات میں دھاندلی کی آزادانہ طریقے سے تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے اور امریکی عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کیا روسیوں نے ٹرمپ کو جتانے کیلئے کوئی ملی بھگت کر رکھی تھی یا نہیں۔ ڈیمو کریٹک نیشنل کمیٹی جو کہ پارٹی کا انتظامی اور فنڈ ریزنگ بازو ہے نے ووٹنگ کے دوسرے راؤنڈ میں ٹوم پیریز کا انتخاب کیا ۔ان کے مقابلے میں منی سوٹا سے آزاد امیدوار کیتھ ایلیسن تھے

مزید :

صفحہ اول -