راجہ فاروق حیدر وزیر اعظم آزاد کشمیر نامزد ، ہمارے دل کشمیری بھائیوں کیساتھ دھڑکتے ہیں ، نواز شریف

راجہ فاروق حیدر وزیر اعظم آزاد کشمیر نامزد ، ہمارے دل کشمیری بھائیوں کیساتھ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(مانٹیرنگ ڈیسک،آئی این پی )وزیر اعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں راجہ فاروق حیدر خان کو آزادکشمیر کا نیا وزیر اعظم نامزدکردیا گیا۔راجہ فاروق حیدر مسلم لیگ (ن )آزادکشمیر کے صدر بھی ہیں اور پہلے بھی آزاد کشمیر کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔دوسری طرف وزیراعظم نواز شریف سے آزاد جموں وکشمیر کے نومنتخب ارکان اسمبلی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اس موقع پر وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے‘ پاکستان اخلاقی اور سفارتی سطح پر ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی تائید و حمایت کرتا رہے گا۔کشمیر کی نئی حکومت کو اداروں کی مضبوطی‘ شفاف اور کرپشن سے پاک اور میرٹ پر مبنی نظام حکمرانی یقینی بنانا چاہئے۔کشمیر کی تاریخ میں ہمارے اس دور حکومت کو ترقیاتی دور کی حیثیت سے یاد رکھا جائے۔نئی حکومت کی اولین ترجیح ، انفراسٹرکچر‘ تعلیم‘ صحت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہونگے‘ پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں میں جو معیار رکھا گیا اسے آزاد کشمیر میں بھی برقرار رکھا جائے گا‘ آزاد کشمیر میں تعلیم ‘ صحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے پاکستان کی طرح اسی تیزی اور توانائی سے کام لیا جائے گا‘ ہماری حکومت کشمیر میں آمدورفت کو آسان بنانے کیلئے سڑکوں کا جال بچھائے گی۔ملاقات میں تمام کامیاب کشمیری پارلیمنٹیرینز ، سینیٹ میں لیڈر آف ہاؤس راجہ محمد ظفر الحق‘وزیر دفاع خواجہ محمد آصف‘ وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان‘ وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید‘ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے شرکت کی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے تمام نومنتخب اراکین قانون ساز اسمبلی کو آزاد جموں وکشمیرکے عام انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور انتخابات میں ان کی محنت اور سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جس کامیابی سے انہوں نے انتخابی مہم چلائی وہ قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے اراکین سے کہا کہ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ وہ کشمیر کی آزاد فضاؤں میں زندگی بسر کرتے ہیں ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے اور پاکستان اخلاقی اور سفارتی سطح پر ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے حق خود ارادیت کی تائید اور حمایت کرتا رہے گا۔ کشمیریوں کا حق خود ارادیت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حق ہے اور پاکستان اپنے بھائیوں کے اس حق کو بین الاقوامی سطح پر ہر فورم میں اٹھائے گا۔ وزیراعظم نے موجودہ اراکین سے کہا کہ ان کو بھی دن رات اس کاوش میں رہنا چاہئے کہ وہ اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی ہر لحاظ سے حمایت اور مدد کرسکیں۔ وزیراعظم نے اراکین سے کہا کہ کشمیر کی نئی حکومت کو اداروں کی مضبوطی‘ شفاف اور کرپشن سے پاک اور میرٹ پر مبنی نظام حکمرانی یقینی بنانا چاہئے۔ اس لئے ایک ایماندار اور قابل کابینہ تشکیل دینا ضروری ہے تاکہ کشمیر کی تاریخ میں ہماری اس حکومت کا دور ترقیاتی دور کی حیثیت سے یاد رکھا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ درحقیقت ترقی کا مینڈیٹ ہے اور اس کی خاطر ہم نئی حکومت کی بھرپور مدد کریں گے۔ کشمیری عوام کو آپ کے طرز حکومت میں ایک مثبت تبدیلی نمایاں طور پر نظر آنا چاہئے۔ نومنتخب اراکین نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو کہا کہ کشمیر کی عوام ان کو اپنا حقیقی لیڈر مانتے ہیں اور درحقیقت عام انتخابات میں شاندار کامیابی وزیراعظم کے ترقیاتی ایجنڈے کی تائید اور احتجاجی سیاست کی تردید ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہم اس پر پورا اتریں گے اور بلا امتیاز تمام کشمیری بھائیوں کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات ایک کردیں گے۔

وزیراعظم

اسلام آباد(صباح نیوز) آزاد کشمیرکے نامزد وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے معاملات طے کرنے کے لیے مجھے فری ہینڈ دیا ہے، کابینہ ارکان کا فیصلہ وزیراعظم بننے کے بعد ہوگا۔مخالف جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں آئیں مل کر نظام کو ٹھیک کریں ،کسی نے خرابی کی ہے تو اس کا احتساب ہوگا ،یہ احتساب انتقام نہیں ہوگا ہم وہ کام نہیں کریں گے جس سے کسی جگہ سے انتقام کی بو آتی ہو بد عنوانی کا خاتمہ اولین ترجیح ہوگی۔ان خیالات کا اظہار راجہ فاورق حیدر خان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا۔قیادت کے اعتماد پر پورا اتروں گا میرا ایجنڈا میرٹ، گڈ گورننس اور کرپشن کے خلاف عدم برداشت ہوگا۔بد عنوانی کا خاتمہ کرنا پہلی ترجیح ہے۔مالی کرپشن کے خاتمہ کے لیے حکومت پوری کوشش کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ان معاملات پر میرے لیڈر اور صدر میاں نواز شریف کی مکمل تائید حاصل ہے۔راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ جس نے بھی خرابی کی ہے اس کا احتساب ہوگگا یہ احتساب انتقام نہیں ہو گا ایک احتساب ہوتا ہے ایک انتقام ہوتا ہے انتقام کی بنیاد پر اگر آپ احتساب کریں گے تو اس کو معاشرہ قبول نہیں کرتا ہم وہ کام نہیں کریں گے جس سے کسی جگہ سے انتقام کی بو آتی ہے میں دیگر جماعتوں سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہوئے ہیں ان نتائج کو تسلیم کریں سارے مل کر ملک کی تعمیر نو کرنا چاہتے ہیں آپ بھی ہاتھ بتائیں ہم آپ کے مخالف نہیں یا آپ ہمارے ذاتی مخالف نہیں میں سب کو دیتا ہوں کہ مل کر نظام کو ٹھیک کریں راجہ فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ مظفر آباد کو آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنایا جائے گا حکومت بنی اس مقصد کے لیے ہے پانچ ہزار مربع میل میں اتنا بڑا سیٹ اپ اسی لیے ہے کہ یہ تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے اور یہیں سے تحریک کو تیز کرنا ہے راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ آنے والا وقت بتائے گا کہ آزاد کشمیر کا وزیراعظم کتنا بااختیار ہو گا مجھے وزیراعظم پر پورا اعتماد ہے انہوں نے مجھے فری ہینڈ دیا ہے معاملات کو طے کرنے کے لیے ان کا کہناتھا کہ وزراء کا فیصلہ وزیراعظم بننے کے بعد ہوگا سپیکر اورڈپٹی سپیکر کا فیصلہ پہلے ہوگا۔
فاروق حیدر

مزید :

صفحہ اول -