جاؤ جاؤ کرکٹ کھیلوں ، استعفیٰ کیوں دوں ، نواز شریف
اوکاڑہ/شیرگڑھ (بیورو رپورٹ،ڈسٹرکٹ رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن،نامہ نگار) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ یہ استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والے کون ہوتے ہیں، ان کے مطالبے پر استعفیٰ نہیں دیں گے انہیں کہتا ہوں جاؤ جا کر کرکٹ کھیلو نہ تم ملک چلا سکتے ہو نہ ہی سیاست کرنا تمہارے بس کی بات ہے ،ہم نے کرکٹ بھی کھیلی ہے اور ملک بھی چلا رہے ہیں ،ہم سڑکیں بناتے رہیں گے اور تم ناپتے رہنا، اوکاڑہ کا جلسہ دیکھ کراپنی جلسیاں بند کرو، پاکستان کی خدمت اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ بھی کر رہے ہیں، 2018بجلی لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا سال ہو گا ،اپنے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے بجلی پوری کریں گے اور پھر کبھی بجلی بند نہیں ہو گی ،2013ء میں انتخابات جیتے تھے اور 2018 ء میں بھی کامیاب ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نوازشریف نے اوکاڑہ فٹ بال سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ اوکاڑہ پنجاب کا ہارٹ لائن ہے جو جوش و خروش2013کے جلسہ میں تھا ا بھی اس میں کمی نہیں ہوئی بلکہ پہلے سے بھی زیادہ جوش و خروش نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ کے عوام سے میں پیار کرتا ہوں اور عوام مجھ سے پیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013کے جلسہ میں کیے جانے والے وعدوں کی پاسداری کیلئے خود اوکاڑہ آیا ہوں۔ میاں نواز شریف نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی چھوٹی جلسیاں بند کرو اگر جلسہ دیکھنا ہے تو اوکاڑہ کا جلسہ دیکھو ۔میاں نواز شریف نے اوکاڑہ کو انڈسٹریل سٹیٹ بنانے کا وعدہ اور اوکاڑہ کو موٹروے سے منسلک کرنے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن ،شہر کو سوئی گیس کی فراہمی کے لیے47کروڑ اور چوک دیپالپور کے فلائی اوور کیلیے74کروڑ اور ا وکاڑہ کی سڑکوں کے لیے بیس کروڑ کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے2018میں لوڈ شیڈنگ مستقل طور پر ختم ہوجائے گی مگرعوام ان لوگوں سے ضرور پوچھیں جنہوں نے قوم کو اندھیروں میں ڈبویا ہے اور آج احتجاج کی کال دے رہے ہیں۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کا تہیہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے امن کو بحال کر نے کا سہرا بھی موجودہ حکومت کے سر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کو سستی بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو کھاد اور بیج بھی سستے فراہم کرنے کے لیے حکومت اپنے وعدے کو پورا کر رہی ہے۔جلسہ سے رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج ،ندیم عباس ربیرہ نے بھی خطاب کیا، ریاض الحق جج نے میاں نواز شریف کے خطاب سے قبل سپاسنامہ پیش کیا جس میں انہوں نے ا وکاڑہ کو انڈسٹریل سٹیٹ بنانے، اوکاڑہ کو موٹر وے سے لنک کرنے اور دیگر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے گزارشات کیں ۔قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف نے سابق ملٹری سیکرٹری و سفارت کار بریگیڈئیر( ر) سید جاوید حسن کرمانی ایم این اے ،چوہدری جاوید علاؤ الدین ایم پی اے اور بزرگ سیاستدان بابا ضیاء الدین کی خصوصی دعوت پر بذریعہ ہیلی کاپٹر شیر گڑھ پہنچے جہاں انہوں نے عاشق آباد فار م پہنچ کر گندم کی کٹائی کا افتتاح کیا ،بعدازاں العاشق ہاؤس میں عمائدین علاقہ ، ممبران قومی وصوبائی اسمبلی ،وبلدیاتی نمائندگان سے خصوصی ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے حلقہ این اے145 اورپی پی186 کیلئے اربوں روپے کے پیکیج کا اعلان کیا جس میں50 کروڑ کی لاگت سے100 دیہات کیلئے سوئی گیس ،بلدیاتی نمائندگان کیلئے 50 کروڑ کی فنڈنگ رینالہ تا شیر گڑھ نئی سڑک ،کاشت کاروں کیلئے بڑے پیکیج ،ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن ،کھاد کی قیمتیں کم کرنے کے وعدہ سمیت دیگر منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے انھیں جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے ایم این اے عاشق کرمانی کے حلقہ میں بریگیڈئر جاوید کرمانی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے دوستوں کو کبھی نہیں بھولتے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دھرنا پروگرام نے ملک و قوم کا بہت زیادہ نقصان کیا ہے ،عمران خان کو عدالتی فیصلہ کے بعداب حکومت کو کام کرنے دینا چاہیے۔ انھوں نے کرپشن کے بے جا الزامات لگانے اورپانا ما کیس سے پیچھے ہٹنے کیلئے پیسوں کی آفر کرنے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے من گھڑت الزامات پر قانونی کاروائی کا بھی عندیہ دیا ۔تقریب میں اوکاڑہ سے منتخب آزاد رکن صوبائی اسمبلی عبدالرزاق نیازی نے مسلم لیگ ن میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر میاں نواز شریف کو ایم این اے عاشق کرمانی ا ور بر یگیڈئیر جاوید حسن کرمانی نے ایک گھوڑا تحفہ میں دیا ۔