دہشت گردی کے مکمل خاتمہ تک جدوجہد جاری رکھیں گے،بلاول بھٹو

دہشت گردی کے مکمل خاتمہ تک جدوجہد جاری رکھیں گے،بلاول بھٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی)چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میری والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو بھی دہشت گردی کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئیں تھیں ہم سب نے مل جل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے اور دہشت گردوں کو شکست فاش دینی ہے جو لوگ دہشت گردی کے نتیجے میں شدید زخمی ہوئے ہیں ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں اور اس کے نتیجے میں جو لوگ شہید ہوئے ہیں ان کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہیں اور ان کے لواحقین کو یقین دلاتے ہیں کہ مشکل اور دکھ کی اس گھڑی میں پیپلز پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ہسپتال میں سانحہ گلشن اقبال پارک لاہور کے زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے زخمی بزرگوں‘ عورتوں ‘ نوجوانوں اور زخمی بچوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک گھنٹے سے بھی زائد زخمیوں کی وارڈز میں گذارا اور ان زخمیوں کے پاس فردا فردا جا کر گفتگو کی اس موقع پر زخمیوں کے لواحقین بلاول بھٹو زرداری کو گلے لگا کر روتے رہے اور انہیں اس واقعہ کے بارے میں بتاتے رہے ایک خاتون سے جب بلاول بھٹو زرداری نے پوچھا کہ بتائیں میں آپ کی کیا مدد کر سکتا ہوں تو اس نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کو ختم کردیں جس پر بلاول بھٹو زرداری نے اسے کہا کہ اسی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے تو میری والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جان کی قربانی دی ہے ہم سب نے مل جل کر دہشت گردی کو ختم کرنا ہے اور جب تک ملک سے دہشت گردی کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں ہو جاتا ہم اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے ۔اس موقع پر ان کے ساتھ وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ‘ چودھری اعتزاز احسن ‘ میاں منظور احمد وٹو اور تنویر اشرف کائرہ‘ جمیل سومرو ‘ فیصل میر اور جہان آراء وٹو بھی موجود تھے ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لئے سندھ حکومت کی طرف سے پانچ پانچ لاکھ اور زخمیوں کو تین تین لاکھ دینے کا اعلان کیا ۔اس سے پہلے بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ لاہور ایک روزہ دورہ مکمل کر کے گزشتہ روز واپس کراچی چلے گئے، وہ خصوصی طیارے پر لاہور آئے۔ لاہور ایئرپورٹ پر پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سینٹر اعتزاز احسن ، میاں منظو روٹو ،نوید چودھری ، تنویر اشرف کائرہ اور صوبائی مشیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے بلاول بھٹو زرداری اور قائم علی شاہ کا استقبال کیا ۔ وہ سخت سکیورٹی میں ائیر پورٹ سے سیدھے جناح ہسپتال گئے۔ ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ہر مریض کو فروٹ اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری بچوں سے سوالات بھی کرتے رہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے بھی زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کی اور امداد کا اعلان کیا انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لئے پانچ پانچ لاکھ اور زخمیوں کو تین تین لاکھ دینے کا اعلان کیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہ ہم دہشت گردی کی اس کارروائی کے بھرپور مذمت کرتے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی نے دہشت گردی کا بھرپور مقابلے کیا اور سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار بھی ہوئے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں اُن کے خلاف سخت سے سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے سندھ کی عوام دھماکے کے متاثرین کے دکھ میں اُن کے ساتھ اور اُن کی ہر ممکن امداد کرے گی۔ پنجاب میں آپریشن کے حوالے سے کئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کا جواب پنجاب حکومت کو دینا چاہیے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ ہمارے دکھ سکھ سانجھے ہیں دہشت گرد قوم کے دشمن ہیں اُن کے خلاف بھرپور کاروائی کی ضرورت ہے پوری قوم دہشت گردی کے مقابلے کے لئے متحد ہے اور ملک میں امن و امان قائم کر کے دم لے گی۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہا انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی وارداتوں میں اضافہ تشویش ناک ہے جس سے پاکستانی عوام بہت پریشان ہے، حکومت اپنی ترجیحات پر غور کرے اور عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارا دلائے ملک میں دہشت گردی، بیروزگاری، لاقانونیت اور غربت میں اضافے پر حکومت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔

مزید :

صفحہ اول -