عمران خان اور ریحام خان کی طلاق سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، بہن رانی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان کی بہن رانی نے کہا ہے کہ عمران خان اور ریحام خان کی طلاق باہمی مسئلہ ہے، اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی بہن رانی کی جانب سے جاری ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ عمران خان اور ریحام خان کے درمیان طلاق ہو گئی ہے تاہم انہوں نے اس تاثر کو یکسر مسترد کیا کہ یہ طلاق ان کی وجہ سے ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلاق کا فیصلہ عمران اور ریحام کا باہمی مسئلہ ہے اور اس معاملے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ واضح رہے کہ عمران خان کی بہنیں ریحام خان سے شادی پر ناخوش تھیں اور اسی باعث انہوں نے شادی میں شرکت نہیں کی تھی جبکہ عمران خان کے بیٹے بھی اس شادی سے ناخوش تھے۔ اسی باعث یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ دونوں کے درمیان طلاق عمران خان کی بہنوں کی وجہ سے ہوئی ہے لیکن عمران خان کی بہنوں نے اس بات کی تردید کی ہے اور واضح کیا ہے کہ طلاق کا معاملہ ریحام خان اور عمران خان کا باہمی معاملہ ہے۔