سانحہ تربت: مقتول نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجنے والے ایجنٹوں کے گھروں پر چھاپے، 4 گرفتار
گوجرانوالہ (ویب ڈیسک) سانحہ تربت کے بعد ایف آئی اے گوجرانوالہ سرکل نے نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے والے چار ایجنٹوں کو حراست میں لے لیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے آج پریس کانفرنس میں گرفتار ایجنٹوں کے بارے میں اہم انکشافات کریں گے۔
روزنامہ ایکسپریس کے مطابق ایف آئی اے نے گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاﺅالدین، پھالیہ، ملکوال، کھاریاں اور گجرات سے تعلق رکھنے والے ریکارڈ یافتہ ایجنٹوں کے گھروں میں چھاپہ مار کارروائی رات گئے تک جاری رکھی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور کے حکم پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس شیخ گوجرانوالہ نے سانحہ تربت کوئٹہ میں جاں بحق گیارہ افراد کے معاملہ میں ایس ایچ او گجرات سجاد باجوہ ایس ایچ او گوجرانوالہ ملک وقار اعوان کی سربراہی میں 4 ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں جو کہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کریں گی۔
ٹیموں نے تربت میں جاں بحق ہونے والے گیارہ مقتولین جن کا تعلق منڈی بہاﺅالدین، گجرت، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سے ہے کا ڈیٹا حاصل کرنا شروع کردیا گیا ہے اور جن ایجنٹوں کے ذریعے غیر قانونی طیرقوں سے بیرون ملکوں میں جانا چاہتے تھے ان کا بھی ڈیٹا حاصل کیا جارہا ہے، ایف آئی اے کے مطابق مقتولین کے موبائلز ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے مختلف موبائلز کمپنیوں سے بھی رابطہ کرلیا گیا ہے۔