حافظ آباد: خاندانی جھگڑے پر گرفتار کمسن طالب علم ہتھکڑیاں پہنے آٹھویں جماعت کا پیپر دینے امتحانی سنٹر پہنچ گیا

حافظ آباد

حافظ آباد (ویب ڈیسک) خاندانی جھگڑے پر گرفتار کمسن طالب علم ہتھکڑیوں میں آٹھویں جماعت کا پیپر دینے امتحانی سنٹر پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق گاﺅں موچی والا تھانہ سکھیکی مبینہ طور پر حیدر علی نے جائیداد میں حصہ نہ دینے پر اپنے نانا شوکت علی کے گھر کو آگ لگا دی۔شوکت علی نے اپنے نواسے حیدر علی،بیٹے غلام حسین سمیت پانچ افراد کے خلاف تھانہ سکھیکی میں مقدمہ درج کروا دیا۔پولیس نے حیدر علی اور غلام حسین کو گرفتار کر لیا۔ حیدر علی آٹھویں جماعت کا طالب علم ہے۔ حیدر علی کو آٹھویں جماعت کے سالانہ پیپر دینے کیلئے ہتھکڑیوں میں امتحانی سنٹر لایا گیا جہاں اسکے ساتھ پولیس اہلکارکو بھی تعینات کیا گیا۔ بیٹے سے ملاقات کیلئے دکھیاری ماں امتحانی سنٹر کے باہر پہنچ گئی لیکن پولیس اہلکار ماں سے ملائے بغیر ہتھکڑیاں پہنے حیدر علی کو امتحانی سنٹر کے اندر لے گئی۔