ترکی میں ایجنٹوں نے حافظ آباد کے نوجوان کو قتل کر دیا
حافظ آباد ( ویب ڈیسک) روزگار کے لئے ترکی جانے والے حافظ آباد کے نوجوان کو مبینہ طور پر ایجنٹوں نے تشدد اور زہر دیکر جان سے مار ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق بہتر روزگار اور روشن مستقبل کے سہانے خواب لئے حافظ آباد کے علاقہ توحید نگر کے رہائشی سیف اللہ کا بائیس سالہ بیٹا عثمان حسن چھ ما ہ قبل ایجنٹ مافیا کے ذریعے ترکی گیا تھا، عثمان کے والد کا کہنا ہے ایجنٹوں نے پہلے ان سے ایک لاکھ 80ہزار روپے لئے پھر مزید چار لاکھ روپے بھی وصول کیے، ایجنٹ اس سے چھ ماہ تک کام کرواتے رہے لیکن اسے ایک پیسہ بھی تنخواہ نہیں دی، ترکی میں مقیم مبینہ ایجنٹوں اکمل،عرفان،گلزار اور کاظم وغیرہ نے مزید رقم نہ دینے پر عثمان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر زہر دے دیا جس سے وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔
بھارت میں آسٹرین خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی پرمساج سینٹر کا مینیجر گرفتار
انکا کہنا تھا کہ سنگدل ایجنٹ جب عثمان کو تشدد کا نشانہ بناتے تو ہمیں فون کرتے جس سے ہمیں اپنے بیٹے کی چیخیں سناتے ۔عثمان کی والدہ ،بہن اور بھائی کا کہناتھا کہ انہیں امید تھی عثمان کے برسر روزگار ہونے سے انکے حالات بہتر ہو جائینگے لیکن کیا پتا کہ عثمان سے ایجنٹ اتنا انسانیت سوز سلوک کرینگے،انہوں نے مطالبہ کیا ایسے ظالم ایجنٹ مافیا کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ قبل ازیں عثمان کی ہلاکت کی خبر جب گھر پہنچی تو وہاں کہرام برپا ہو گیا۔ عزیز،رشتہ دار دھاڑیں مار مار کر روتے رہے، غم سے نڈھال عثمان کی والدہ اور دادی بین کرتی رہیں۔