زائچہ گھر ۔۔علم نجوم کی روشنی میں اپنا مستقبل جانیں

زائچہ گھر ۔۔علم نجوم کی روشنی میں اپنا مستقبل جانیں
زائچہ گھر ۔۔علم نجوم کی روشنی میں اپنا مستقبل جانیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ستاروں کے مطابق موافق پیشہ
اکرم۔۔۔لاہور
سوال: میرا برج، زائچہ اور موافق کام بھی بتا دیں؟
جواب: تاریخ پیدائش کے اعتبار سے آپ کا برج دلو اور کمزور سیارہ زحل ہے۔ وہ تمام پیشے جو دلو افراد کے لئے ہر لحاظ سے موزوں ہو سکتے ہیں جن کے ذریعے دولت اور شہرت حاصل کی جا سکتی ہے۔ سیاستدان، سیلزمین، سائنس دان، پروفیسر، مصنف، فوج کا محکمہ اور تجارت کا پیشہ ہر لحاظ سے آپ کے لئے بہتر رہے گا۔ نماز پنجگانہ خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کریں اور اپنے صدقات ادا کریں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
مزید پڑھائی جاری رکھ سکوں گی
نازیہ۔۔۔ نوتک
سوال: میں نے بی۔ اے کیا ہوا ہے اور مزید پڑھنا چاہتی ہوں، کیا میری یہ خواہش پوری ہو جائے گی۔ موافق نگینہ اور پہننے کا طریقہ بھی بتا دیں۔ شادی کب اور کس سے ہو گی؟
جواب: نیک مقاصد میں کامیاب ہو جائیں گی۔ وقتی مشکلات سے گھبرائیں مت۔ سعد پتھر زرد پکھراج پہنیں۔ مبارک نگینہ کو پہننے کے لئے جمعرات کے دن ساعت مشتری میں طلوع سورج سے تھوڑا پہلے دو نفل نماز نیک مقاصد پڑھیں اور دائیں ہاتھ کی تیسری انگلی میں پہن لیں۔ صدقہ کریں تو زیادہ بہتر ہے۔ شادی اپنوں میں ہو گی۔
فوجی ہوں ،قرض کیسے اتاروں ؟
عبدالجبار۔۔۔ لاہور
سوال: میں آرمی میں ملازم ہوں۔ میرے اوپر قرض بہت زیادہ ہو گیا ہے۔ مالی حالات خراب ہیں اور اس کی وجہ سے شادی نہیں کی۔ مالی حالات کب ٹھیک ہوں گے اور شادی کب ہو گی۔
جواب: آپ کا طالع شمسی برج دلو ہے جس کا حاکم زحل ہے، زحل آپ کی پیدائش کے وقت رجعت کی حالت میں ہے جس کی وجہ سے برے حالات کا شکار ہیں۔ قرض، شادی میں رکاوٹ اور دیگر معاملات میں التوازحل کے منفی اثرات کے باعث ہیں۔ ردنحوست کے سیارگان کا وظیفہ پڑھیں۔ ہفتہ کے روز کالے چنے یا ماش کا صدقہ کریں۔ انشاء اللہ معاملات میں بہتری ہو گی۔
ساڑھ ستی کا شکار
محمد ذاکر۔۔۔ کمیروالا
سوال: گھریلو حالات خراب ہونے کی وجہ سے میں نے اپنی تعلیم مکمل نہ کی اور ملازمت کی تلاش میں نکل پڑا۔ جہاں بھی جاتا ہوں میری ملازمت زیادہ دیر نہیں رہتی۔ کبھی انتظامیہ کے ساتھ لڑائی ہو جاتی ہے اور کبھی تنخواہ کی وجہ سے مجبوراً تنگ آکر نوکری چھوڑنا پڑتی ہے۔ اس وجہ سے میں ابھی تک سیٹ نہیں ہو پایا۔ کوئی بندش یا جادو تو نہیں ہے۔ میرے حالات کب ٹھیک ہوں گے؟
جواب: زحل کی ساڑھ ستی کا شکار ہیں۔ بہرحال اللہ تعالیٰ نے ہر مرض کی شفا رکھی ہے۔ ساڑھ ستی کے توڑ کے لئے خود کو ذہنی طور پر تیار کریں کہ مشکل وقت آگیا ہے۔ اس کا ڈٹ کا مقابلہ کرنا ہے۔ نماز پنجگانہ خشوع کے ساتھ ادا کریں۔ برج کے لحاظ سے صدقات دیں، طلسم زحل بنوا کر اپنے پاس رکھیں۔ جائے رہائش تبدیل کریں۔ ایسا نہ کر سکیں تو رہائش تبدیل کریں، سعد پتھر پہنیں، خود کو صلح صفائی کے رویے پر مائل کریں۔ مکمل روحانی تدبیر اختیار کریں۔

.

اگر آپ کو بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے تو اپنے کوائف اس  پتہ پر ای میل کریں ،کوائف میں اپنا نام،تاریخ پیدائش،وقت پیدائش،شہر کا نام لازمی لکھیں۔جواب اس کالم مِیں باری آنے پر دیا جائےگا۔

pakastrologer@gmail.com

مزید :

ہاروسکوپ -