ایٹمی جنگ کے بعد دنیا کا خوفناک نقشہ
نیویارک (نیوز ڈیسک) سائنسدانوں نے سپر کمپیوٹروں کی مدد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کا خاکہ تیار کرلیا ہے جس کے مطابق تقریباً 100 چھوٹے ایٹمی ہتھیار چلنے کے نتیجے میں دنیا تقریباً 20 سال کیلئے سورج کی روشنی سے محروم ہوجائے گی، سخت سردی کا طویل موسم شرو ع ہوجائے گا اور دنیا کو کئی دہائیوں کیلئے قحط کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس تحقیق میں فرض کیا گیا تھا کہ ایٹمی جنگ میں پاکستان اور بھارت کی طرف سے 15 کلوٹن کے پچاس پچاس ایٹمی بم چلائے جائیں گے۔ ان بموں کے نتیجے میں فوری طور پر 5 میگا ٹن سیاہ ایٹمی راکھ خارج ہوگی اور فضا میں پھیل کر سورج کی روشنی کو روک دے گی جس کے نتیجہ میں اگلے 20 سال کیلئے زمین کا درجہ حرارت مسلسل گرتا جائے گا۔ سورج کی مضر شعاعوں کو روکنے والی اوزون کی تہہ بھی 20 سے 50 فیصد تباہ ہوجائے گی جس کی وجہ سے کینسر عام ہوجائے گا۔ زمین کا درجہ حرارت بے پناہ کم ہونے سے سارے سال میں تقریباً ایک ماہ کے دوران کوئی چیز آگ سکے گی۔ اس ساری تباہی کے نتیجے میں تقریباً ایک ارب لوگ لقمہ اجل بن جائیں گے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کی ایٹمی جنگ اور اس کے نتیجہ میں ہونے والی تباہی کا نقشہ دنیا کی بڑی ایٹمی طاقتوں کیلئے وارننگ ہے کہ وہ اپنے ہزاروں ایٹمی ہتھیاروں کو تلف کردیں۔