وفاقی حکومت نے سندھ میں امن وامان کیلیے کچھ نہیں کیا،جھوٹے دعووں کی بنیاد پر سیاست کو چمکایا جاتا ہے :مولابخش چانڈیو
حیدرآباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلزپارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو نے کہاہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ میں امن و امان کی فضا کے قیام کیلئے کچھ نہیں ،یہاں محض جھوٹے دعووں کی بنیاد پر سیاست کو چمکایا جاتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ چیئرمین اورشریک چیئرمین پیپلزپارٹی کوبرا بھلاکہا گیا، ہمارے قائد کاعدالتی قتل کیاگیالیکن پھر بھی ہم نے کسی کو گالیاں نہیں دیں کیونکہ گالیاں دیناہماری سیاست کا حصہ نہیں ہے او ر یہ سب ہونے کے باوجود آج بھی ایک ہی بات کہتے ہیں کہ ہم پاکستان کو بچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیہون درگاہ کی بجلی چوری کاالزام لگاکر بجلی کاٹ دی گئی اورشہباز شریف نے بجلی نہ ہونے کی صورت میں اپنانام تبدیل کرنے کا کہا تھا لیکن نہ تو بجلی آئی اور نہ ہی نام تبدیل ہوا، حقیقت تو یہ ہے کہ وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں کوبجلی نہیں دے سکتی کیونکہ ن لیگ کے پیالے میں چھوٹے علاقوں کیلئے تو دودھ نہیں لیکن مخصوص علاقوں کیلئے یہ پیالہ بھرا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا تمام سیاسی رہنماوں کو مشورہ ہے کہ وہ سیاست تو کریں لیکن سیاست میں اپنا لہجہ بھی سیاسی ہی رکھیں تو بہتر ہوگا کسی کیخلاف بھی ذاتیات پر مبنی بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے۔