لڑکی کے باپ کے سامنے اقرارِ محبت نے نوجوان پریمی جوڑے کو بڑی مشکل میں ڈال دیا، عرب ریاست میں معاملہ پولیس تک پہنچ گیا
ابوظہبی (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں مقیم ایک بھارتی نوعمر جوڑے نے اپنی محبت کو شادی میں بدلنے کیلئے ایک پرخطر فیصلہ کیا لیکن نتیجہ ان کی توقع سے بہت ہی مختلف نکلا اور معاملہ پولیس تک پہنچ گیا۔
”ایمریٹس 247“ کے مطابق 19 سالہ بھارتی لڑکا اور ایک بھارتی لڑکی محبت میں مبتلا تھے اور شادی کے خواہشمند تھے۔ دونوںنے فیصلہ کیا کہ لڑکی کے باپ کو راضی کرنے کا طریقہ یہی ہے کہ اس کے سامنے اپنے تعلق کا اعتراف کیا جائے تاکہ وہ دباﺅ میں آکر شادی پر تیار ہوجائے۔
لڑکی نے لڑکے کو مشورہ دیا کہ وہ اس کے گھر آئے اور اس کے والد سے ملے تاکہ دونوں مل کر اپنے تعلق کے بارے میں آگاہ کریں اور شادی کیلئے بھرپور دباﺅ ڈالیں۔ اخبار ”امارات الیوم“ کے مطابق لڑکا لڑکی کے گھر چلا گیا اور دونوں والد کے دفتر سے لوٹنے کا انتظار کرنے لگے۔ جب لڑکی کا والد گھر لوٹا تو اپنی بیٹی کو اجنبی لڑکے کے ساتھ اکیلا دیکھ کر سیخ پاہوگیا اور اس کے فوری بعد جلتی پر تیل کا کام دونوں کے منصوبے نے کردیا۔ جب لڑکے نے بتایا کہ وہ لڑکی کی محبت میں مبتلا ہے اور دونوں شادی کرنا چاہتے ہیں تو لڑکی کا باپ مزید بھڑک اٹھا۔ جب اجازت ملتی نظر نہ آئی اور معاملہ الٹ سمت میں جاتا دکھائی دیا تو لڑکے نے ایک اور بیہودہ انکشاف کردیا۔ اس نے لڑکی کے والد کو بتایا کہ وہ اس کی بیٹی کے ساتھ متعدد دفعہ جسمانی تعلق استوار کرچکا ہے اور اب یہی بہتر ہے کہ دونوں کی شادی کردی جائے۔ یہ سننا تھا کہ لڑکی کے باپ نے فوری طور پر پولیس بلوالی اور دونوں کو گرفتار کروادیا۔ احمق پریمی جوڑا اپنے شرمناک منصوبے کی وجہ سے اب قانونی کارروائی کا سامنا کررہا ہے۔ عدالت نے دونوں کے میڈیکل معائنے کا حکم دیا ہے اور نتائج آنے تک سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔