ترک پولیس کا میڈیا گروپ کے دفتر پر چھاپہ ،ناقدین کی شدید تنقید، آزادی رائے پر حملہ قرار دیدیا
انقرہ(آئی این پی )ترک پولیس نے دارالحکومت انقرہ میں واقع ایک میڈیا گروپ ’کوزہ ایپک‘ کے دفتر پر چھاپہ مارا ہے، ناقدین اس واقعے کو آزادی رائے کے خلاف حملہ قرار دے رہے ہیں جبکہ اس چھاپے کو آئندہ نومبر میں طے شدہ انتخابات سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک پولیس نے انقرہ میں واقع ایک میڈیا گروپ ’کوزہ ایپک‘ کے دفتر پر چھاپہ مارا ہے جس پر ناقدین نے شدید تنقید کرتے ہوئے اسے آزادی رائے پر حملہ قرار دیا ہے ۔پولیس کی طرف سے یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے، جب اس سے ایک روز پہلے ہی ترک حکومت نے دو برطانوی صحافیوں اور ان کے ایک مترجم کو گرفتار کیا تھا۔ ’وائس نیوز‘ کے لیے کام کرنے والے یہ تینوں افراد ترکی کے جنوب مشرقی کرد علاقے سے رپورٹنگ کر رہے تھے۔ انقرہ حکومت نے ان پر دہشت گرد تنظیم کے ساتھ روابط کا الزام عائد کیا ہے۔