سعودی عرب میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی الطاف حسین کے بیان کی شدید مذمت
جدہ (محمد اکرم اسد /بیورو چیف) سعودی عرب میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے متحدہ کے سربراہ الطاف حسین کے دفاعی اداروں کے بارے میں بیان اور کراچی میں نیٹو افواج بھیجنے کی درخواست کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح سے انہوں نے پوری دنیا کو پاکستان کے خلاف جنگ پر آمادہ کرنے کی کوشش کی ہے۔
کمیونٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بہادر افواج وطن کی محافظ ہیں وہ اس وقت اندرونی و بیرونی سازشوں کوناکام بنانے میں لگی ہوئی ہیں جبکہ دہشت گردوں کا پاک دھرتی سے صفایا کرنا بھی انکا نصب العین ہے جیسے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا آپریشن تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیکر کیا گیا اور کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ بھی الطاف حسین کا ہی تھا۔ اب اجلاس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے دیا ہوا بیان پاکستان کی سالمیت پر براہ راست حملہ ہے حکومت پاکستان کو اسکا سخت نوٹس لینا ہو گا ۔ تمام سیاسی جماعتوں میں چھپے ہوئے اسطرح کے ملک دشمنوں کو بے نقاب کرکے انکو کیفر کردارتک پہنچائے۔ پاکستانی و کشمیر کمیونٹی نے کہا کہ اردو سپیکنگ کمیونٹی محب وطن ہے اور انہوں نے قربانیاں دیں مگر کچھ لوگ ان کے نام پر ملک کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ جسکے لیئے اردو اسپیکنگ کو ہوشیار رہنا ہوگا، تاکہ ان کے بزرگوں کی قربانیوں کو کوئی ٹھیس نہ پہنچا سکے۔