مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشت گردی جاری،4 کشمیری نوجوان شہید
سرینگر (آئی این پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج مظالم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بھارتی فوج نے نہتے کشمیری نوجوانوں کو جھوٹے مقابلے میں فائرنگ کرکے شہید کیا۔
ضلع بارہ مولا کے علاقے رفیع آباد میں قابض فوج نے چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں میں گھس کر تلاشی لی اور خواتین کو بے حرمتی کا نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد ہزاروں کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے قابض فوج کیخلاف خوب نعرے بازی کی۔
بھارتی فوج نے مظاہرین پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کرکے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ حریت رہنماؤں نے بھارتی فوج کی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے قابض انتظامیہ سے بے گناہ کشمیریوں کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔