بھارتی ریاست اڑیسہ کے چلڈرن ہسپتال میں دوہفتوں کے دوران 61 نومولود ہلاک ، 5 ملازمین برطرف
کوٹاک (آئی این پی) بھارت کی مشرقی ریاست اڑیسہ کے ہسپتال میں دوہفتوں کے دوران 61 نومولود ہلاک گئے، ہسپتال کے 5 ملازمین کو برطرف کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، حزب اختلاف کی جماعتوں کے ساتھ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی ریاست کے مختلف ہسپتالوں کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مشرقی ریاست اڑیسہ کے شہر کوٹاک کے ایک ہسپتال میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 61 نومولود ہلاک ہو چکے ہیں۔
ریاست کے وزیر صحت ایٹانو ایس نائیک کا کہنا ہے کہ شیشو بھون یا چلڈرن ہوم کے 3 اسٹاف ممبران سے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ ہسپتال کے 5 ملازمین کو برطرف کیا جاچکا ہے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کے ساتھ وزیراعظم نریندرا مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بھی اڑیسہ کے مختلف ہسپتالوں کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ بی جے پی کے ایک مظاہرے میں شامل سمیر موہنتے کا کہنا تھا کہ ’بچے مر چکے ہیں تاہم وزیراعلیٰ نے تاحال ہسپتال کا دورہ نہیں کیا۔‘ بچوں کی موت کی تفصیلات فراہم کئے بغیر ریاست کے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ہلاکتیں ہسپتال اسٹاف کی غفلت کے باعث ہوئی ہیں۔
دوسری جانب ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بچوں کی ہلاکت کی وجہ سہولیات کی کمی کو قرار دیا ہے۔ہسپتال کے ایک سینئر عہدیدار نیرانجان موہانٹے کا کہنا تھا کہ روزانہ 50 بچوں کو انتہائی تشویش ناک حالت میں ہسپتال میں داخل کرنا اور 500 مریضوں کو دیکھنا ایک اضافی بوجھ ہے۔