داعش کے شدت پسندوں نے تکریت میں ہلہ بولتے ہوئے پولیس کرنل اور 14 اہلکاروں سمیت 31 افراد کو ہلاک کر دیا
بغداد(ڈیلی پاکستان آن لائن) عراقی شہر تکریت میں پولیس وردیوں میں ملبوس اورسیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں میں داعش کے شدت پسندوں کا حملے ، 14پولیس اہلکاروں سمیت 32 سے زائد ہلاک ،مرنے والوں میں عراقی فوج کا کرنل اور اس کے اہل خانہ کے 4 افراد بھی شامل ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے درجنوں شدت پسندوں نے بغداد کے شمال میں170کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع تکریت میں عراقی سیکیورٹی فورسز ،پولیس اور ایک پولیس کرنل کی رہائش گا ہ پر شبخون مارتے ہوئے تباہی مچا دی اور 14 پولیس اہلکاروں سمیت 32 افراد کو ہلاک کر دیا ،ان حملوں میں 45 سے زائد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔پولیس وردیوں میں ملبوس داعش کے شدت پسندوں نے تکریت میں مختلف مقامات پر ہلہ بولتے ہوئے کارروائیاں کیں ۔دہشت گردوں نے ایک فوجی چوکی اور پولیس کرنل کی رہائش گاہ میں گھس کر کرنل اور اس کے خاندان کے 4 افراد کو گولیوں سے بھون دیا ،اس کارروائی کے جواب میں جب عراقی سیکیورٹی فورسز نے کرنل کے مکان کو گھیرے میں لیا تو 2 حملہ آوروں نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا ۔امدای اداروں اور سرکاری ذرائع کے مطابق داعش کے ان حملوں میں 31 لاشوں کو ہسپتال میں منتقل کیا گیا جن میں سے 14 لاشیں عراقی پولیس اہلکاروں کی تھیں ،اس حملہ میں42افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔