نئی ائیرلائن ’سلام ائیر‘ شروع کرنے کا اعلان، کہاں سے شروع کی جارہی ہے اور اس کی خاصیت کیا ہے؟ آپ بھی جانئے
مسقط (مانیٹرنگ ڈیسک) آج کی دنیا پر مغرب کے اثرات اس قدر گہرے ہوچکے ہیں کہ دنیا بھر میں اپنی روایات اور تہذیب کو چھوڑ کر مغربی کلچر اور زبان کو ترجیح دینے کا رجحان غالب نظر آتا ہے، لیکن عمان میں ایک نئی ایئرلائن قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اس کا کوئی انگریزی نام رکھنے کی بجائے ایک ایسے خوبصورت نام کا انتخاب کیا گیا کہ جس کا تعلق اسلامی روایات اور تہذیب کے ساتھ بہت گہرا ہے۔
”عریبین بزنس“ کے مطابق گزشتہ روز مسقط نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ انویسٹمنٹ کمپنی نے اعلان کیا کہ ملک کی پہلی سستی ائیرلائن ”سلام ائیر“ کے نام سے قائم کی جارہی ہے۔ ائیرلائن کے سی ای او خالد بن حلال کا کہنا تھا کہ جب ائیرلائن کے نام پر غور شروع کیا گیا تو فیصلہ ہوا کہ اس کے لئے عام لوگوں سے رائے لی جائے گی۔ کمپنی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر اور اپنی ویب سائٹ کے ذریعے ہزاروں لوگوں سے آراءطلب کیں، اور بالآخر ”سلام ائیر“ کو نئی ائرلائن کے نام کے طور پر منتخب کر لیا گیا۔
خالد بن حلال کا کہنا تھا کہ نئی ائرلائن کم خرچ میں اعلٰی ترین معیار کی سفری سہولیات مہیا کرے گی۔ انہوں نے ائیر لائن کے نام کے بارے میں کہا کہ یہ نام نہ صرف اسلامی طرز زندگی کا عکاس ہے بلکہ ”السلام علیکم“ کی نسبت سے ساری دنیا اس سے آگاہ اور مانوس بھی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نام سادہ اور یاد رہے والا ہے، اور انتہائی بامعنی بھی ہے، اور یہی وہ چیزیں تھیں جن کی انہیں تلاش تھی۔