داعش بنگلہ دیش بھی پہنچ گئی، حملے کی ذمہ داری قبول کر لی
ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک) شام میں برسرپیکار شدت پسند تنظیم کے افغانستان میں قدم جمانے کی خبروں سے ہی دنیا دہل گئی تھی لیکن اب اس تنظیم نے بنگلہ دیش میں بھی اپنی موجودگی کا ثبوت فراہم کر دیا ہے جس کے بعد دنیا، بالخصوص بھارت کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔ ہفتے کے روز بنگلہ دیش کے ضلع رنگ پور میں ایک 65سالہ جاپانی شہری کونیو ہوشی کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ داعش نے اس قتل کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ داعش کی طرف سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے میں یہ دوسرا غیرملکی ہے جسے داعش نے قتل کیا۔ منگل کے روزایک اطالوی باشندے کو قتل کیا گیا تھا۔
نامعلوم کالرز کی معلومات دینے والی حیران کن ایپ اردومیں بھی دستیاب
بنگلہ دیشی پولیس کے مطابق ہوشی کو بھی اطالوی باشندے کی طرح نقاب پوش موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کیا، اس قتل میں بھی پچھلے واقعے کی طرح پستول ہی استعمال کی گئی۔ پولیس کے مطابق دونوں واقعات میں بہت سی باتیں یکساں ہیں جس سے لگتا ہے کہ یہ کسی ایک ہی گروپ کی کارستانی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے جاپانی شہری کے قتل میں ملوث ہونے کے شبہے میں 4افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ داعش کی طرف سے جاری بیان میں بنگلہ دیش میں موجود غیرملکیوں پر حملے جاری رکھنے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔